’عمران خان جس الیکشن کمیشن پر الزام لگا رہے ہیں یہ انہی کا نامزد کردہ ہے‘
’عمران خان جس الیکشن کمیشن پر الزام لگا رہے ہیں یہ انہی کا نامزد کردہ ہے‘
جمعرات 4 مارچ 2021 15:03
مریم نواز اور بلاول بھٹو نے وزیراعظم کے قوم سے خطاب پر سخت ردعمل دیا (فوٹو: اے ایف پی)
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ’عمران خان اپنی شکست کا الزام جس الیکشن کمیشن پر لگا رہے ہیں یہ انہی کا نامزد کردہ ہے۔‘
جمعرات کو وزیراعظم کے قوم سے خطاب کے بعد اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ’وزیراعظم کے الفاظ سے پتا چلتا ہے کہ وہ گھبرا چکے ہیں۔‘
انہوں نے وزیراعظم کے خطاب کو ایک ہارے ہوئے شخص کا خطاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’وزیراعظم اپنے بکنے والے ارکان سے کس منہ سے اعتماد کا ووٹ لیں گے؟‘
اس موقع پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم کو فارغ کرنے کا وقت آگیا ہے، تحریک عدم اعتماد پی ڈی ایم کی مشاورت سے لائی جائے گی۔‘
اس سے قبل اسلام آباد میں یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم عمران خان کا اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ سینیٹ میں اپنی شکست چھپانے کی کوشش ہے، ایسے تماشے اور ڈرامے اب نہیں چلیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہمیں پہلے پنجاب پر توجہ دینا ہوگی۔ اس حوالے سے ان سے سوال کیا گیا کہ کیا پہلے پنجاب میں تحریک عدم اعتماد لائی جا رہی ہے؟ اس پر ان کا کہنا تھا کہ ’تحریک عدم اعتماد کب اور کہاں لانی ہے اور اس کا فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی۔‘
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ’پی ڈی ایم تمام فیصلے مشاورت سے کرتی ہے اور یہ فیصلہ بھی مشورے سے کیا جائے گا۔‘
انہوں نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ان کو اپنا رویہ درست کرنا پڑے گا۔‘
بلاول بھٹو زرداری کے بقول ’عمران خان نے کہا تھا کہ اگر وہ سینیٹ الیکشن ہار گئے تو وہ نئے الیکشنز کا اعلان کریں گے۔‘
انہوں نے سینیٹ میں ڈالے گئے ووٹوں کے حوالے سے کہا کہ ’وزیراعظم عمران خان کو نہیں معلوم، مگر مجھے پتا ہے کہ کس نے کس کو ووٹ ڈالا۔‘
انہوں نے ارکان اسمبلی کے بارے میں یہ بھی بتایا کہ ’مجھے پتا ہے کہ کون وزیراعظم کے ساتھ بیٹھا ہے مگر دل ہمارے ساتھ ہے۔‘
انہوں نے اس بات کا دعویٰ بھی کیا کہ ’انہیں یہ بھی معلوم ہے کہ کس نے بغض عمران میں ووٹ ڈالا اور کس نے بغض حفیظ شیخ میں ووٹ ڈالا۔‘
انہوں نے وزیراعظم کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’بہت ہو چکا، اب ہم آپ کو نہیں چھوڑیں گے۔‘
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ’وزیراعظم اپنے ساتھیوں کا اعتماد کھو چکے ہیں۔ انہیں این آر او نہیں دیا جائے گا۔‘
انہوں نے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’سینیٹ کے علاوہ بھی ہر فورم پر حکومت کے خلاف لڑیں گے۔‘