نجران میں تہرے قتل کے مجرم کو سزائے موت
مقامی شہری نے فائرنگ کرکے تین سعودیوں کو ہلاک کیا تھا( فوٹو سبق)
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ تین ہموطنوں کے قتل کا الزام ثابت ہوجانے پر ایک سعودی شہری کو نجران میں سزائے موت دی گئی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ مقامی شہری مفرح بن فرحان الحریصی نے فائرنگ کرکے تین سعودی شہریوں ابراہیم بن مفرح عسیری، محمد بن مغرم ھلالی اور حسن بن ابراہیم عسیری کو قتل کردیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا تھ۔ا تلاش کرکے گرفتار کرلیا گیا۔ پوچھ گچھ کے بعد فرد جرم عائد کردی گئی۔
فوجداری کی عدالت نے الزام ثابت ہوجانے پر سزائے موت (قصاص) کا حکم سنایا تھا۔
وزارت داخلہ نے بتایا کہ فوجداری عدالت کے فیصلے کی توثیق اپیل کورٹ اور پھر سپریم کورٹ نے کردی تھی جبکہ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا شاہی فرمان جاری ہوگیا تھا جسے منگل کو نجران شہر میں نافذ کردیا گیا۔