حکومت کی ’حکمتِ عملی‘ تبدیل: اب کورونا سے لڑنا نہیں ڈرنا ہے
وزارت مذہبی امور کے مطابق ’کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے‘ کے نعرے کے استعمال کی ممانعت ہو گی‘ (فوٹو: حکومت پاکستان)
حکومت پاکستان نے کورونا وائرس کے لیے نیا نعرہ ’کورونا وبا ہے احتیاط جس کی شفا ہے‘ استعمال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے وزارتِ مذہبی امور نے نوٹی فیکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
وزارت مذہبی امور کے نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے‘ کے نعرے کے استعمال سے اجتناب کیا جائے۔
نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’آئندہ سے آگہی کے لیے ’کورونا ایک وبا ہے احتیاط جس کی شفا ہے‘ استعمال کیا جائے۔
یہ نوٹی فکیشن اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارش اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد جاری کیا گیا ہے۔
دوسری جانب حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے خلاف مہم کے لیے نیا نعرہ متعارف کرنے کا معاملہ سوشل میڈیا پر آیا تو متعدد صارفین نے اس اقدام کا پس منظر بیان کیا۔
صحافی وجہیہ احمد شیخ نے ٹویٹ میں کہا کہ ’یہ بھی لاہور ہائی کورٹ کا حکم تھا۔‘
کچھ صارفین کو یہ انداز نہ بھایا تو نعرہ بدلنے کے اس فیصلے کو حکومت کی خراب کارکردگی کے ثبوت کے طور پر پیش کیا۔
عمران بٹ نامی صارف نے لکھا کہ ’اس سے زیادہ کام ان کے بس میں نہیں۔ یہ اس کارگردگی پر بھی خوش ہیں کہ نام بدل دیا۔‘
کچھ صارفین نعرہ تبدیل ہونے کو حکومت پر طنز کے موقع کے طور پر دیکھ کر چپ نہ رہے تو لکھا کہ ’وفاقی حکومت نے کورونا سے پورا سال لڑا کر اب بتایا ہے کہ لڑنا نہیں ہے۔‘
خیال رہے کہ گذشتہ سال کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد حکومت نے ’کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے‘ کے نعرے کے تحت مہم چلائی تھی۔