گلگت بلتستان آنے والے سیاحوں کے لیے کورونا منفی ٹیسٹ لازمی
محمکہ داخلہ کے مطابق پابندی کا اطلاق فوری ہوگا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کے شمالی علاقے گلگت بلتستان کی حکومت نے خظے میں سیاحت کے لیے آنے والوں کے لیے کورونا منفی ٹیسٹ لازمی قرار دے دیا ہے۔
سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق خطے میں آنے والے سیاحوں کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ کورونا منفی سرٹیفکیٹ ساتھ لائیں۔
نوٹی فکیشن کے مطابق محکمہ صحت کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے پیش نظر صرف ان سیاحوں کو گلگت بلتستان میں داخلے کی اجازت ہوگی جن کے پاس کورونا نیگیٹو سرٹیفکیٹ ہوگا۔
محمکہ داخلہ کے مطابق پابندی کا اطلاق فوری ہوگا۔
تمام متعلقہ محکموں اور حکام کو سیاحت کے حوالے سے جاری ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر کی شدت سے جاری ہے اور کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے ملک میں مثبت کیسز کی شرح نو فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق مثبت کیسز کی شرح 4.5 سے 9.5 تک پہنچی ہے۔
سنیچر کو پریس بریفنگ میں ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ’لاہور سمیت پنجاب کے دوسرے شہروں میں وائرس کا پھیلاؤ زیادہ ہے جبکہ اسلام آباد اور پشاور میں بھی کیسز مسلسل بڑھ رہے ہیں۔‘
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کورونا کی صورت حال کے حوالے سے بتایا کہ کیسز بڑھنے سے صحت کے نظام پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے جہاں عوام کی جانب سے احتیاط نہ کیے جانے کی طرف اشارہ کیا وہیں یہ بھی کہا کہ ’بدقسمتی سے انتظامی ایکشن بھی کمزور نظر آ رہا ہے۔‘