سعودی عرب اور پاکستان رواں ماہ مصحف ایئر بیس پر فضائی مشقیں کریں گے
سعودی عرب اور پاکستان رواں ماہ مصحف ایئر بیس پر فضائی مشقیں کریں گے
اتوار 21 مارچ 2021 20:34
شہزادہ ترکی نے فضائی دستے میں شامل جوانوں سے ملاقاتیں کی ہیں(فوٹو ٹوئٹر وزارت دفاع)
سعودی عرب اور پاکستان رواں ماہ مارچ کے دوران سرگودھا کے مصحف ایئر بیس میں فضائی مشقیں کریں گے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی فضائیہ کے کمانڈر شہزادہ ترکی بن بندر بن عبدالعزیز نے اتوار کو مشقوں میں شرکت کرنے والے سعودی دستے کی تیاریوں کا معائنہ کیا ہے۔ یہ تیاریاں کنگ عبدالعزیز ایئر بیس میں ہورہی ہیں۔
اس موقع پر فضائی دستے کے کمانڈر نے شہزادہ ترکی بن بندر بن عبدالعزیز کو ایئر سسٹم اور اہلکاروں کی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی۔
شہزادہ ترکی نے فضائی دستے میں شامل اہلکاروں سے ملاقاتیں کیں اور ان سے کہا کہ وہ حربی فرائض احسن طریقے سے ادا کرنے کی بھرپور کوشش کریں۔ سب لوگ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر کی بھی پابندی کریں۔
سرگودھا مصحف ایئربیس کی فضائی مشقوں میں شرکت کرنے والا سعودی دستہ ٹورنیڈو ساخت کے جدید لڑاکا طیاروں کے ساتھ شامل ہوگا۔ فضائی تکنیکی اورامدادی دستے ہمراہ ہوں گے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے رواں ماہ یونان کی فضایہ کے ساتھ بھی آئی آف دی فالکن 1 کے عنوان سے مشقیں کی ہیں۔
سعودی عرب کے ایف 15 سی یونان کے ایف 16، میراج 2000 اور فینٹم ایف فور نے ان جنگی مشقوں میں حصہ لیا ہے۔