پاکستان: کابینہ نے کورونا ویکسین کی قیمتیں مقرر کرنے کی منظوری دے دی
اتوار 21 مارچ 2021 21:06
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
پاکستان دنیا کا پہلا ملک یے جہاں حکومت نے نجی سطح پر ویکسین درآمد کرنے کی اجازت دے رکھی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں وفاقی کابینہ نے کورونا ویکسین کی کمرشل سطح پر استعمال کرنے کے لیے قیمتیں مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
وزارت قومی صحت نے وفاقی کابینہ کو روس کی تیار کردہ ’سپتنک فائیو‘ اور چینی کمپنی کی ’کین سینو بائیو‘ ویکسین کی قیمتیں مقرر کرنے کی سفارش کی تھی۔
اردو نیوز کے پاس دستیاب کابینہ کو بھیجی گئی سمری کے مطابق روسی ویکسین سپتنک فائیو کے دو انجیکشن کی قیمت 8 ہزار 449 روپے جبکہ چینی کمپنی کی تیار کردہ کین سینو بائیو کے ایک انجیکشن کی قیمت 4 ہزار 225 روپے مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
وفاقی کابینہ کے ایک سینیئر رکن نے اردو نیوز کو بتایا کہ وزارت قومی صحت کی سمری کابینہ کو سرکولیشن سمری کے ذریعے بھیجی گئی تھی جس کی منظوری دے دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ کسی بھی ہنگامی نوعیت کے معاملہ پر کابینہ کی منظوری حاصل کرنے کے لیے کابینہ سیکریٹیریٹ کابینہ کا اجلاس بلائے بغیر کابینہ ارکان کو سمری ارسال کرتا یے۔
سرکولیشن سمری پر کابینہ ارکان کا جواب موصول نہ ہونے کی صورت میں بھی 24 گھنٹے کے بعد سمری منظور تصور کی جاتی یے۔
خیال رہے کہ پاکستان دنیا کا پہلا ملک یے جہاں حکومت نے نجی سطح پر ویکسین درآمد کرنے کی اجازت دے رکھی ہے۔
گزشتہ ہفتے پاکستان میں ایک نجی کمپنی نے روس کی تیار کردہ ویکسین سپتنک فائیو درآمد کی تھی۔