سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ان مشقوں کا مقصد تیل تنصیبات پر دہشتگردوں کے حملوں کو روکنے کے لیے تمام شریک اداروں کی حربی استعداد کا معیار بلند کرنا ہے۔
ان کا ایک ہدف یکساں ٹیم ورک کے تصور کو پختہ کرنا بھی ہے جبکہ ان مشقوں کے ذریعے معلومات کا تبادلہ بھی کیا جارہا ہے اور یکجہتی کا معیار بھی بلند کیا جارہا ہے۔
ان مشقوں کا ایک مقصد آپریشنل پروگرام میں شامل دستوں کے درمیان کمان اور کمیونیکیشن کا یکساں تصور قائم کرنا ہے۔ ان کے ذریعے معلومات اور اطلاعات پاس کرنے کی ٹریننگ بھی ہوگی اور آپریشن سینٹر تک معلومات پہنچانے کی مشق بھی ہوگی۔
الشرقیہ بحری بیڑے کے کمانڈر میجر جنرل ماجد القحطانی نے بتایا کہ بحری مشقیں کثیر المقاصد ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق مغربی بحری بیڑے نے ’الفلک 4‘ کی مشقیں شروع کی ہیں۔ ان مشقوں میں سعودی عرب کےعلاوہ سوڈانی بحریہ کے دستے بھی شامل ہیں۔ یہ مشقیں کنگ فیصل سی بیس میں ہو رہی ہیں۔
بحری مشقوں کے کمانڈر بریگیڈیئر ھزاع المطیری نے بتایا کہ یہ مشقیں جمعرات تک جاری رہیں گی۔ ان کا مقصد بحری سکیورٹی کے دستوں، بحریہ کے فضائی گروپ، مغربی بحریہ کے ماتحت بوٹس گروپ اور بحریہ کے سپیشل دستوں کے درمیان تجربات کا تبادلہ اور بحری آپریشن کے تصورات میں یکسانیت پیدا کرنا ہے۔