دونوں ملکوں کی بحری افواج تجربات کا تبادلہ کریں گی(فوٹو ٹوئٹر وزارت دفاع)
سعودی عرب کی رائل نیوی اور فرانسسی بحریہ نے (وائٹ شارک 21) کے عنوان سے مشترکہ مشقیں شروع کی ہیں۔
سعودی وزارت دفاع نے بدھ کو بیان میں کہا کہ ان مشقوں سے دونوں ملکوں کی بحری افواج تجربات کا تبادلہ کریں گی۔ اپنی استعداد بڑھائیں گی اور خطے میں سمندری سیکیورٹی آپریشن کی استعداد مضبوط کریں گی۔
یاد رہے کہ سعودی وزارت دفاع بری، بحری اور فضائی افواج کی حربی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے برادر اور دوست ملکوں کے ساتھ فوجی مشقوں کا وسیع تر پروگرام بنائے ہوئے ہے۔ فرانس کے ساتھ بحری مشقیں اسی کا حصہ ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی فضائیہ یونان کے ساتھ ماہ رواں کے دوران یونان میں فوجی مشقیں کرے گی، اس کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
سعودی فضائیہ ایف 15 بی لڑاکا طیاروں کے ساتھ مشقوں میں حصہ لے گی۔
دریں اثنا فضائیہ کے ڈپٹی کمانڈر طلال الغامدی نے بدھ کو شمالی ریجن میں کنگ فیصل ایئر بیس کا دورہ کیا جہاں سعودی فضائیہ کے دستے یونان کے ساتھ مشقوں میں حصہ لینے کی تیاریاں کررہے ہیں۔
الغامدی نے سعودی فضائیہ کے جوانوں سے کہا کہ وہ یونان کے ساتھ مشقوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور حربی استعداد بڑھائیں-۔ یونانی فضائیہ کے تجربے سے اچھی طرح فائدہ اٹھائیں۔
الغامدی نے زور دے کر کہا کہ فضائیہ کے تمام جوان کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیرکی بھرپور پابندی کریں۔