ٹریفک خلاف ورزی پر سنیپ چیٹ پر مشہور خاتون گرفتار
’ویڈیو وائرل ہوتے ہی متعلقہ ادارے کو ہدایت کی گئی کہ مذکورہ خاتون کو گرفتار کیا جائے‘ ( فوٹو: سبق)
جازان محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ ٹریفک خلاف ورزی کرکے اسے سنیپ چیٹ پر شیئر کرنے والی ایکٹیویسٹ خاتون کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے کہا ہے کہ ’مذکورہ ایکٹیویسٹ سعودی خاتون ہیں جو سنیپ چیٹ پر کافی شہرت رکھتی ہیں‘۔
’انہوں نے انتہائی تیز رفتاری سے گاڑی چلانےاور متعدد ٹریفک خلاف ورزیاں کرنے کی ویڈیو اپنے اکاؤنٹ پر فخریہ شیئر کی تھی‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’ویڈیو وائرل ہوتے ہی متعلقہ ادارے کو ہدایت کی گئی کہ مذکورہ خاتون کو گرفتار کرکے ٹریفک قوانین کے بموجب سزا دی جائے‘۔
’اس وقت خاتون محکمہ ٹریفک کے پاس زیر حراست ہیں، ان سے تفتیش جاری ہے جبکہ ٹریفک قوانین کے مطابق ان پر جرمانے اور سزا ہوگی‘۔