ریاض سمیت کئی علاقوں میں اتوار کو گرد وغبار جاری رہنے کا امکان
بعض مقامات پر گردو غبار کی شدت سے حد نگاہ بھی متاثر ہوگی۔(فوٹو عاجل)
سعودی موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ مملکت کے بعض علاقوں میں گرد وغبار کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ درجہ حرارت میں بھی کمی ہوگی۔
ویب نیوز عاجل کے مطابق محکمہ موسمیات کے قومی مرکز کے بیان میں کہا گیا کہ ریاض ، مشرقی ریجن، عسیر، الباحہ ، مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ میں اتوار کو گرد وغبار کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ بعض مقامات پر گردو غبار کی شدت کے سبب حد نگاہ بھی متاثر ہوگی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ساحلی علاقوں کے علاوہ تبوک ، مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ ریجنز میں تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ بحیرہ احمر میں سطحی ہوا شمال ،مغربی سے شمالی سمت میں 25 سے 50 کلو میٹرفی گھنٹہ کے حساب سے چلیں گی جبکہ باب المندب کے علاقے میں ہوا کی رفتار20 سے 40 کلو میٹرفی گھنٹہ ہونے کی توقع ہے۔
ہوا کی تیزی سے موجوں کی بلندی میں بھی اضافہ ہو گا جو ایک سے ڈھائی میٹر بلکہ بعض مقامات پرتین میٹر تک بلند ہو سکتی ہیں۔
درجہ حرارت کے حوالے سے جاری چارٹ کے مطابق اتوار مکہ مکرمہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری جبکہ کم سے کم 19، مدینہ منورہ میں 32 اور کم سے کم 18، ریاض میں 26 اور کم سے کم 15 ، جدہ میں 31 اور کم سے کم 23 ڈگری رہنے کی توقع ہے۔
سب سے کم درجہ حرارت القریات میں رہنے کا امکان ہے جہاں پارہ زیادہ سے زیادہ 18 اور کم سے کم ایک ڈگری سینٹی گریڈ تک ہو گا۔