Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ محمود کا سعودی وزیرخارجہ سے رابطہ، امن کوششوں کی حمایت کا اعادہ

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ فیصل بن فرحان نے سعودی عرب کے لیے پاکستان کی مسلسل اور پختہ حمایت کا اعتراف کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزاد فیصل بن فرحان سے اتوار کو ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات اور مختلف شعبوں میں انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کے مواقع کا جائزہ لیا ہے۔ 
فیصل بن فرحان اور شاہ محمود قریشی نے متعدد مسائل اور علاقائی و بین الاقوامی حالات حاضرہ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ 
پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دوران گفتگو شاہ محمود قریشی نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں اورخیرسگالی کا اظہار کیا اور سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے دائمی برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔
شاہ محمود قریشی نے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے ممالک کے درمیان اختلافات کے تصفیے کے لیے اقدامات جبکہ سفارت کاری اورمذاکرات کے ذریعے یمن کے مسئلہ کے حل کے فروغ کی حالیہ کاوش پر سعودی کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے سعودی کوششوں کی پاکستان کی طرف سے مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
بیان کے مطابق شاہ محمود نے سعودی عرب کی جغرافیائی سالمیت اور خودمختاری کے لیے پاکستان کی حمایت کو بھی دوہرایا۔
سعودی وزیر خارجہ نے سعودی عرب کے لیے پاکستان کی مسلسل اور پختہ حمایت کا اعتراف کیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے ’ گرین سعودی اقدام‘ اور ’گرین مشرق وسطی اقدام‘ کی تحسین کرتے ہوئے وزیر خارجہ عالمی سطح پر کاربن کے اخراج میں کمی کے لیے اسے ایک بڑا قدم قرار دیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے وزیراعظم عمران خان کے اسی شعبے میں ان اقدامات کو سراہا جو وہ پاکستان میں پہلے ہی اس ضمن میں اٹھاچکے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے تمام شعبہ جات میں سعودی عرب کے ساتھ تعاون کو مزید تقویت دینے کے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔ کثیرالقومی اداروں میں دونوں ممالک کے اشتراک عمل کو سراہتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ باہمی حمایت اور شراکت داری مستقبل میں مزید مضبوط ہوگی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اسی مثبت جذبے سے جواب دیتے ہوئے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے آمادگی کا اظہار کیا۔
دونوں وزرا خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطح پر رابطوں کی مستحکم رفتار برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

شیئر: