کویتی پارلیمنٹ میں ایجنڈے پر اختلاف، ارکان میں ہاتھا پائی
کویتی پارلیمنٹ میں ایجنڈے پر اختلاف، ارکان میں ہاتھا پائی
منگل 30 مارچ 2021 19:11
ایجنڈے پر اختلاف پر ارکان دھڑوں میں بٹ گئے ( فوٹو: القبس)
کویتی پارلیمنٹ میں منگل کو ارکان میں ہاتھا پائی کے مناظر دیکھنے میں آئے ہیں۔
پارلیمانی اجلاس کے ایجنڈے پر ارکان میں اختلاف ہوا اور وہ دھڑوں میں بٹ گئے، تلخ کلامی تک نوبت آ گئی ۔ رکن پارلیمنٹ سلمان الحلیلۃ اور صالح المطیری کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سپیکر مرزوق الغانم نے ارکان پارلیمنٹ کے درمیان ہاتھا پائی کے بعد 15 منٹ کے لیے اجلاس معطل کردیا۔
اس سے قبل شیخ صباح خالد الحمد الصباح کی قیادت میں کویت کی نئی کابینہ نے پارلیمنٹ کے سامنے حلف وفاداری اٹھایا۔
کویتی جریدے القبس کے مطابق کویتی آئین کی دفعہ 91 کے مطابق کابینہ کو فرائض منصبی شروع کرنے سے قبل پارلیمنٹ کے سامنے حلف اٹھانا ضروری ہے۔
دفعہ 91 میں کہا گیا ہے کہ رکن پارلیمنٹ کو کابینہ یا کسی بھی کمیٹی میں ڈیوٹی شروع کرنے سے قبل پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس کے سامنے حلف اٹھانا ہوگا۔
امیر کویت شیخ نواف الاحمد نے اس سے قبل امید ظاہر کی تھی کہ پارلیمنٹ کا اجلاس کشیدگی سے بالا ہوکر حکومت اور قانون ساز اسمبلی کے درمیان مفید تعاون کی مثال پیش کرے گا۔