کویت میں ویکسین نہ لگوانے والے سینما نہیں جاسکیں گے
کویت میں ویکسین نہ لگوانے والے سینما نہیں جاسکیں گے
منگل 16 مارچ 2021 5:18
پچاس فیصد معمر افراد ویکسین لے چکے ہیں (فوٹو: کویت ٹائمز)
کویتی وزیر صحت ڈاکٹر باسل الصباح نے کہا ہے کہ ’ستمبر میں تمام سکول طلبہ کے لیے کھول دیے جائیں گے۔‘
کویتی وزیر صحت نے انتباہ دیا کہ ’رمضان بعد ایسے کسی بھی شخص کو سینما آنے سے روکا جائے گا جس نے ویکسین نہیں لگوائی ہوگی اور ایسے ہر تجارتی ادارے کو سیل کردیا جائے گا جس کے عملے نے ویکسین کی خوراک نہیں لی ہوگی۔‘
کویتی جریدے القبس کے مطابق الصباح نے بیان میں کہا کہ ’سکولوں کے سارے عملے کو آئندہ ماہ کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔ اساتذہ اور انتظامیہ کے تمام اہلکاروں کو ویکسین لگانے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔‘
کویتی وزیر صحت نے لوگوں سے کہا کہ ’وہ صحت و سلامتی کی خاطر ویکسین حاصل کریں۔‘ انہوں نے بتایا کہ ’کویت میں اب تک چار لاکھ افراد کو ویکسین دی گئی ہے۔‘
سول سروس میں رجسٹرڈ پچاس فیصد معمر کویتی ویکسین لگوا چکے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے ویکسین کے لیے اندراج کرالیا تھا۔ علاوہ ازیں چوتھائی غیرملکی معمر افراد کو بھی ویکسین دی گئی ہے۔ کویت میں 80 سے لے کر 100 معمر افراد کو یومیہ گھروں پر ویکسین دی جارہی ہے۔
کویتی وزیر صحت نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ’عید الفطر کی آمد تک دس لاکھ افراد کو ویکسین دی جائے گی۔ عوام میں جیسے جیسے ویکسین کی اہمیت کا شعور بڑھ رہا ہے ویسے ویکسین لینے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ تعلیمی سال کے آغاز تک بیس لاکھ افراد کو ویکسین دی جائے گی۔‘
الصباح نے کہا کہ ’بینکوں، حجاموں، کوآپریٹو سوسائٹیوں کے تعاون سے ایک لاکھ 20 ہزار افراد کو اپریل میں ویکسین دی جائے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ویکسین اموات کی تعداد گھٹانے میں توجہ طلب حد تک موثر ہے۔ بعض لوگ بلاوجہ اس سے خوف محسوس کر رہے ہیں۔ اب تک دنیا بھر میں کروڑوں افراد ویکسین لے چکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ امریکہ و برطانیہ سمیت دنیا کے بیشتر ملکوں میں کورونا کے کیسز اور اموات کی تعداد کم ہو گئی ہے۔‘