رمضان اور عید الفطر کے دوران کورونا ایس او پیز کیا ہیں؟
وزارت بلدیات کے مطابق فیلڈ ٹیمیں مالز اور شاپنگ سینٹرز کی 24 گھنٹے نگرانی کریں گی (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور نے رمضان اور عید الفطر کے دوران کورونا ایس او پیز مقرر کیے یہں۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت بلدیات نے کہا ہے کہ پبلک پارکوں میں بھیڑ بھاڑ کی اجازت نہیں ہوگی۔ سپورٹس گراؤنڈز میں سماجی فاصلے کی پابندی، بڑے پارکوں میں آمد ورفت کے دوران اژدحام سے پرہیزکیا جائے۔
وزارت بلدیات نے انتباہ کیا کہ انسپکٹرز کی فیلڈ ٹیمیں مالز اور شاپنگ سینٹرز کی 24 گھنٹے نگرانی کریں گی۔ دکانیں رمضان میں 24 گھنٹے کھولی جاسکیں گی تاہم سب کو کورونا ایس او پیز کی پابندی کرنا ہوگی۔
وزارت نے بیان میں مزید کہا کہ ریستورانوں میں افطار اور سحری بوفے سروس بند رہے گی۔
انسپکٹرز کی ٹیمیں ملبوسات کے بازاروں، کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے والی دکانوں، ریٹیل اور تھوک کے مراکز، سبزی فروشوں، گوشت کی دکانوں، بکرا منڈیوں، سلاٹر ہاؤسز اور ریڑھی والوں کی نگرانی کریں گی۔