زیر تعمیر عمارت سے گر کر ہلاک ہونے والے پاکستانیوں کی شناخت، مکہ میں تدفین
خاور یونس اور محمد زاہد اقبال کا تعلق پاکستان کے شہر جھنگ تھا (فوٹو: پاکستان قونصلیٹ)
مکہ مکرمہ میں پیر کو زیر تعمیر عمارت پر کام کے دوران گر کر ہلاک ہونے والے دو پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی ہے۔
خاور یونس اور محمد زاہد اقبال کا تعلق پاکستان کے شہر جھنگ سے تھا اور دونوں کئی سال سے مملکت میں مقیم تھے۔
جدہ میں پاکستان قونصلیٹ کے ترجمان نے اردونیوز کو بتایا پاکستانی کارکن ایک کنسٹرکشن کمپنی میں ملازم تھے اور حادثے کے وقت مکہ کی زیر تعمیر عمارت میں کام کر رہے تھے۔
دونوں ملازمین زیر تعمیرعمارت کی چھٹی منزل پر گلاس لگانے کے لیے لفٹر سے جا رہے تھے کہ حادثہ پیش آیا۔ لفٹر اوور لوڈ ہونے کے باعث نیچے جا گرا۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں نے سیفٹی بیلٹ بھی نہیں لگایا تھا۔
حادثے میں تین افراد موقع پر ہلاک ہوئے۔ تیسرے شخص کی ابھی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مرنے والے تیسرے کارکن کا تعلق انڈیا سے ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ قونصلیٹ نے فوری طور پر لواحقین سے رابطہ کر کے ضابطے کی کارروائی مکمل کرکے این او سی جاری کیا۔
مرنے والے دونوں پاکستانیوں کی نماز جنازہ منگل کو بعد نماز مغرب مسجد الحرام میں ادا کی گئی۔ ان کی تدفین مکہ میں کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز الوطن اخبار نے خبر دی تھی کہ مکہ مکرمہ کے حی النسیم علاقے میں واقع زیر تعمیر عمارت میں کام کرنے والے تین کارکن ہلاک ہوئے۔
مکہ مکرمہ پولیس کے تحت العزیزیہ سٹیشن کو واقعہ کی اطلاع دی گئی جس کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے تھے۔
بعد ازاں ہلال احمر کے ذریعہ متوفین کو ہسپتال کے مردہ خانے منتقل کیا گیا جبکہ ضابطے کی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔