Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں فضائی مسافروں کی گنجائش میں اضافہ

عمان ایئر نے اعلان کیا ہے کہ وہ یکم اپریل سے ریاض کے لیے پروازوں کا آغاز کرے گی (فوٹو: اے ایف پی)
فلائٹ انٹیلی جنس کمپنی آفیشل ایئرلائن گائیڈ (او اے جی) کا کہنا ہے کہ ’سعودی عرب میں فضائی مسافروں کی سیٹوں کی تعداد میں مارچ کے آخری ہفتے میں گذشتہ ہفتے کی نسبت 15 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔‘
عرب نیوز کے مطابق سعودی مارکیٹ سیٹوں کی گنجائش سات لاکھ 23 ہزار چار سو 96 تک پہنچ گئی ہے، کیونکہ عالمی ایئرلائنز نے طلب میں اضافے کی توقع میں مزید پروازیں شامل کر لی ہیں۔
اگرچہ یہ تعداد اب بھی وبا سے پہلے والی سطح سے کم ہے۔ تاہم او اے جی کا کہنا ہے کہ ’اگر ایئرلائن کی گنجائش اسی رحجان کے ساتھ بڑھتی رہی تو ہم ایک سال کے بہترین ہفتے کی جانب جا رہے ہیں۔‘
او اے جی کی ٹاپ 20 مارکیٹوں کی فہرست میں متحدہ عرب امارات شامل ہے جس کی اسی عرصے کے دوران فضائی مسافروں کی سیٹوں کی تعداد میں گذشتہ ہفتے کی نسبت چھ فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
ایئرلائنز نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات بھی د گنا کر دیے ہیں۔
او اے جی کا مزید کہنا ہے کہ ’موسم گرما کے اگلے چار ہفتے بہت اہم ثابت ہو سکتے ہیں کیونکہ اس میں بہت  ایئرلائنز کی آمدنی ہوتی ہے، جو موسم سرما میں خرچ ہوتی ہے۔‘
عمان ایئر، جس نے سعودی عرب میں اپنی گنجائش میں اضافہ کیا ہے، اعلان کیا ہے کہ وہ یکم اپریل سے ریاض کے لیے پروازوں کا آغاز کرے گی۔ یہ ہفتے میں چار بار ریاض کے لیے پرواز چلایا کرے گی۔ اس سے قبل عمان ایئرلائن نے 28 مارچ سے دمام کے لیے پروازوں کا آغاز کر رکھا ہے۔

شیئر: