پی آئی اے سعودی عرب کے مزید کن شہروں کے لیے پروازیں شروع کر رہی ہے؟
پی آئی اے سعودی عرب کے مزید کن شہروں کے لیے پروازیں شروع کر رہی ہے؟
منگل 30 مارچ 2021 16:00
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
پاکستان انٹرنیشل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے اپنے فضائی آپریشن کو مزید وسعت دینے کے لیے بین الاقوامی روٹس میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان عبد اللہ حفیظ کے مطابق ’پی آئی اے انتظامیہ نے پاکستان سے منافع بخش بین الاقوامی روٹس پر کام کرتے ہوئے فضائی آپریشن کو بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
حکام کے مطابق پی آئی اے مشرق وسطیٰ سمیت وسطی ایشیائی ممالک کے نئے روٹس کے لیے فضائی آپریشن کو بڑھانے جا رہی ہے جن میں سعودی عرب کے روٹس بھی شامل ہیں۔
پی آئی اے کی سعودی عرب کے لیے القصیم کے بعد طائف اور ابہا کے لیے پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق سعودی حکومت نے القصیم کے لیے لاہور اور اسلام آباد سے پروازیں چلانے کی اجازت دے رکھی ہے تاہم مملکت میں فضائی آپریشن پر عائد جزوی پابندیوں کے باعث القصیم کے لیے پروازوں کا اغاز نہیں ہوسکا۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے نے القصیم کے علاوہ سعودی عرب کے شہر طائف کے لیے بھی پروازیں چلانے کی درخواست دی ہے۔ لاہور اور اسلام آباد سے طائف کے لیے پروازیں چلائی جائیں گی۔
بحرین
پی آئی اے ترجمان کے مطابق بحرین کے لیے قومی ایئر لائن کا فضائی آپریشن شروع کرنے کے حوالے سے کام جاری ہے اور اس سلسلے میں لاہور سے بحرین کے لیے پروازیں چلانے کی درخواست دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’ابتدائی طور پر لاہور سے بحرین کے لیے ہفتہ وار دو پروازوں کی درخواست دی گئی ہے جس کے منظور ہونے کے بعد فضائی آپریشن شروع کیا جائے گا۔
شیان
پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق چین کے شہر شیان کے لیے بھی پروازیں چلانے کا منصوبہ تیار ہے اور مئی سے ان پروازوں کا آغاز ہوجائے گا۔ پی آئی اے چین کے شہر شیان کے لیے اسلام آباد سے پروازوں کا آغاز کرے گی۔
وسطی ایشیائی ممالک
وسطی ایشیائی ممالک میں فضائی آپریشن کو وسط دیتے ہوئے پی آئی اے نے باکو کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز کر دیا ہے جبکہ تاشقند اور بشکک کے لیے بھی پروازیں چلائی جارہی ہیں۔