Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مسافروں کے حقوق کی خلاف ورزی، ایئرلائن کو 50 ہزار ریال جرمانہ ہوگا‘

سعودی محکمہ شہری ہوا بازی نے کہا ہے کہ مسافروں کے حقوق کی خلاف ورزی یا سعودی عرب میں پروازوں کے ضوابط کی خلاف ورزی پر فضائی کمپنی کے خلاف 50 ہزار ریال کا جرمانہ ہوگا۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ شہری ہوا بازی کے ترجمان ابراہیم الروسا نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’سعودی عرب میں آنے یا یہاں سے جانے والی فضائی کمپنی خواہ سے ملکی ہو یا غیر ملکی مملکت کے قوانین کی پابند ہے‘۔ 
ترجمان نے واضح کیا ہے کہ ’مسافر کو معلوم ہونا چاہئے کہ طے شدہ وقت سے اگر پرواز ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوجائے تو فضائی کمپنی مسافروں کو ٹھنڈا یا گرم مشروب فراہم کرنے کی پابند ہے‘۔ 
انہوں نے بتایا کہ ’پرواز 3 گھنٹہ تاخیر کا شکار ہو تو فضائی کمپنی تمام مسافروں کو مناسب کھانا فراہم کرنے کی ذمہ دار ہے۔ اسی طرح اگر پرواز میں 6 گھنٹہ تاخیر ہوجائے تو فضائی کمپنی مسافروں کو گھر تک لے جانے اور پھر واپس لانے کی پابند ہے۔ اگر مسافر کا کوئی ٹھکانہ نہ ہو تو اسے ہوٹل فراہم کیا جائے گا‘۔ 
انہوں نے کہا ہے کہ ’شہری ہوا بازی کے ضوابط کے مطابق تمام مسافروں کے حقوق ہیں جنہیں ادا کرنا ملکی اور غیرملکی فضائی کمپنیوں پر لازم ہے‘۔ 
انہوں نے کہا ہے کہ ’ان ضوابط کی خلاف ورزی پر فضائی کمپنی کو 50 ہزار ریال تک جرمانہ ہوگا خواہ وہ سعودی فضائی کمپنی ہو یا غیر ملکی‘۔ 

پرواز میں 6 گھنٹے سے زیادہ تاخیر ہوجائے تو فضائی کمپنی ہوٹل فراہم کرنے کی پابند ہے (فوٹو: الریاض)

انہوں نے بتایا ہے کہ ’ضوابط میں تمام مسافروں کے حقوق کی ضمانت دی گئی ہے۔ اگر سعودی عرب سے کوئی پرواز جارہی ہو اور اس میں کسی مسافر کے حقوق کی خلاف ورزی ہوئی ہو تو فوری طور پر فضائی کمپنی پر جرمانہ عائد کیا جائے گا‘۔ 
انہوں نے کہا ہے کہ ’اگر کوئی غیر ملکی پرواز سعودی عرب آرہی ہو اور اس میں کسی مسافر کے حقوق کی خلاف ورزی ہوئی ہو تو اس پر اس صورت میں جرمانہ ہوگا کہ جس اسٹیشن سے وہ روانہ ہوئی ہو وہاں اس پر جرمانہ عائد نہ کیا گیا ہو‘۔ 
  • سعودی عرب کی خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں
انہوں نے تمام مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے حقوق کے بارے میں مکمل آگاہی حاصل کریں۔ 
 

شیئر: