’سلمان خان نے دھوکہ دیا، ہمارا بریک اپ ہوا اور اب ہم دونوں۔۔۔‘
جمعرات 1 اپریل 2021 15:18
سومی علی نے بتایا کہ انہوں نے پانچ سالوں میں سلمان خان سے بات نہیں کی (فوٹو:ہندوستان ٹائمز)
بالی وڈ کے ’موسٹ ایلیجیبل بیچلر‘ سلمان خان کا نام ماضی میں کئی اداکاراؤں کے ساتھ جوڑا گیا ہے لیکن ہر بار بات بنتے بنتے رہ گئی۔ سابق انڈین اداکارہ سومی علی بھی ان میں سے ایک ہیں جن کے ساتھ ’سلو میاں‘ کی ’پریم کہانی‘ کا کافی چرچا رہا لیکن یہ کہانی بھی ادھوری رہ گئی۔
اس پریمی جوڑے کے درمیان علیحدگی کی وجہ کیا بنی اس بارے میں کچھ بھی معلوم نہیں ہو سکا تھا لیکن اب سومی علی نے بالآخر اپنی خاموشی توڑ دی ہے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کی ویب سائٹ کے مطابق سلمان خان کی سابقہ گرل فرینڈ سومی علی نے زوم ٹی وی کو خصوصی انٹرویو میں بتایا کہ سلمان خان نے انہیں ’دھوکہ‘ دیا تھا اور اس وجہ سے انہوں نے سلمان کے ساتھ اپنا تعلق ختم کر دیا۔
سلمان خان اور سومی علی 90 کی دہائی میں چھ سال تک ایک ساتھ رہے اور پھر دونوں کی راہیں جدا ہو گئیں۔
سومی جو اب ایک سماجی کارکن ہیں، نے اپنے پچھلے انٹرویوز میں یہ بتایا تھا کہ 16 سال کی عمر میں ان کے انڈیا آنے کی وجہ صرف یہی تھی کہ وہ 1989 کی فلم ’میں نے پیار کیا‘ دیکھنے کے بعد ان سے شادی کرنا چاہتی تھیں۔
اپنے حالیہ انٹرویو میں سومی علی نے بتایا کہ انہوں نے پانچ سالوں میں سلمان خان سے بات نہیں کی اور اب وہ دونوں ہی اپنی زندگیوں میں آگے بڑھ چکے ہیں۔
انہوں نے زوم ٹی وی کو بتایا کہ ’مجھے ان سے تعلق ختم کیے 20 سال گزر چکے ہیں۔ انہوں نے مجھے دھوکہ دیا تھا اور میں نے ان سے تعلق ختم کیا اور چھوڑ دیا۔‘
سومی علی کے بقول جب وہ سلمان خان کے ساتھ رشتے میں تھیں تو ان کے لیے سلمان سے سیکھنے کے لیے کچھ بھی نہیں تھا لیکن ان کے والدین نے انہیں تمام انسانوں کے ساتھ برابری کا رویہ اپنانا سکھایا۔
انہوں نے بتایا کہ ’میں نے سلمان کے والدین سے بہت سی اچھی باتیں سیکھیں جن میں سے سب سے بڑی بات یہ تھی کہ وہ مذہب نہیں دیکھتے تھے اور تمام انسانوں سے یکساں سلوک کرتے تھے۔‘
سومی علی کا بالی وڈ میں کیریئر بہت مختصر تھا، انہوں نے ممبئی میں ماڈلنگ سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا جس کے بعد فلم انڈسٹری میں قدم رکھا اور کرشن اوتار، یار غدار، تیسرا کون، اندولن اور مافیا میں کام کیا۔