کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اشارتی زبان کی سہولت
سعودی عرب میں دس لاکھ کے قریب افراد سماعت وگویائی سے محروم ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب میں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے گونگوں اور بہروں کو اشاراتی زبان میں رابطے کی سہولت فراہم کی ہے۔
ایئرپورٹ نے اپنی ویب سائٹ پر اشاراتی زبان کی ٹیکنالوجی متعارف کرادی۔ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ دنیا کا پہلا ہے جو گونگوں اور بہروں کو یہ سہولت فراہم کررہا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق کنگ خالد ایئرپورٹ کی سہولت سے سعودی عرب میں دس لاکھ گونگوں اور بہروں کو فائدہ ہوگا۔ ویب سائٹ پر اشاراتی زبان کی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے لیے ریاض ایئرپورٹس کمپنی نے گونگوں اور بہروں کی ورکنگ ٹیم سے تعاون حاصل کیا اور علاقائی و بین الاقوامی ایوارڈ جیتنے والی مائنڈ روکس کمپنی نے جدید ٹیکنالوجی پیش کی۔
کمپنی کے چیئرمین محمود الدراویشہ نے کہا کہ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق سعودی عرب میں 8 لاکھ سے 10 لاکھ کے لگ بھگ گونگے اور بہرے ہیں جبکہ عرب دنیا میں ان کی تعداد 13 ملین اور دنیا بھر میں 460 ملین کے لگ بھگ ہے۔
الدراویشہ کا کہنا ہے کہ گونگوں اور بہروں کو ویب سائٹس پر موجود خدمات تک رسائی اور مہیا معلومات کے سمجھنے میں مشکل ہوتی ہے۔ ان میں سے 80 فیصد سے زیادہ لکھی ہوئی زبان کے مقابلے میں اشاراتی زبان زیادہ استعمال کرتے ہیں۔ نئی ٹیکنالوجی کی بدولت یہ لوگ سفری سہولیات اور معلومات کو آسانی سے سمجھ سکیں گے۔