Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد محمد بن سلمان کی وزیراعظم عمران خان کو دورہ سعودی عرب کی دعوت

ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم کو سعودی عرب دورے کی دعوت دی (فوٹو: ایس پی اے)
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیر اعظم عمران خان کو فون کرکے دورہ سعودی عرب کی دعوت دی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کی دعوت قبول کر لی ہے۔
دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ ’اس گفتگو کے دوران وزیراعظم نے سعودی ولی کی جانب سے حال ہی میں اعلان کیے گئے گرین سعودی عرب اور گرین مڈل ایسٹ اقدامات کو سراہا۔ وزیر اعظم نے 10 ارب سونامی منصوبے اور ماحولیاتی مسائل پر قابو پانے کے لیے اس کے اثرات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
ترجمان کے مطابق وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک اس شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہوسکیں گے۔
دوران گفتگو دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ بحرین کے ولی عہد پرنس سلمان بن حماد بن عیسیٰ الخلیفہ نے بھی وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلی فون کیا۔
اس گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ 
ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سمیت متحدہ عرب امارات اور چین کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فون پر رابطے کیے۔
سعودی ہم منصب سے گفتگو میں وزیر خارجہ نے جی سی سی ممالک میں اختلافات کے خاتمے کے لیے سعودی عرب کے کردار کو سراہا۔
وزیر خارجہ نے باالخصوص یمن میں قیام امن کے لیے مذاکرات اور سفارتی کاری کا راستہ اپنانے اور اس سلسلے میں سعودی اقدام کی بھرپور تعریف کی۔

شیئر: