کورونا وائرس، مزید سات مساجد عارضی طور پر بند
گزشتہ 56 روزمیں 461 مساجد بند کی جا چکی ہیں۔ (فوٹو عکاظ)
سعودی عرب میں وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے مملکت کے دو علاقوں میں 7 نمازیوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے پر 7 مساجد عارضی طور پر بند کی ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت اسلامی امور نے بیان میں کہا کہ گزشتہ 56 روز کے دوران مملکت بھر میں 461 مساجد بند کی جا چکی ہیں۔ ان میں 441 کو سینیٹائزنگ اور صحت و سلامتی کے انتظامات مکمل ہونے پر دوبارہ کھول دیا گیا۔
وزارت اسلامی امور نے بتایا کہ اتوار کو 6 مساجد قصیم میں بند کی گئیں جہاں 6 نمازی کورونا کا شکار ہوگئے تھے جبکہ مکہ ریجن میں ایک نمازی کے کورونا میں مبتلا ہونے پر ایک مسجد بند کی گئی-
بیان میں وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ اتوار کو گیارہ مساجد بحال کی گئی ہیں۔ ان میں سے چار کا تعلق قصیم، تین کا مکہ مکرمہ ریجن، دو کا ریاض ریجن اور ایک، ایک کا الجوف اور حدود شمالیہ ریجن سے ہے۔
وزارت اسلامی امور نے خبردار کیا کہ نمازی اور مساجد کے منتظمین کی مستعدی اور وبا سے بچاؤ کے بارے میں آگہی اہم ہے۔ فریقین کی ذمہ داری ہے کہ وہ وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر تمام تدابیرکی پابندی کریں۔