سات علاقوں میں مزید تیرہ مساجد عارضی طور پر بند
گزشتہ 55 دنوں میں 454 مساجد کو عارضی طور پر بند کیا جا چکا ہے( فوٹو اخبار 24)
سعودی وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ مملکت کے سات علاقوں کی 13 مساجد میں کورونا کیسز کی تصدیق ہونے پر انہیں عارضی طورپر بند کیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت اسلامی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ 55 دنوں میں 454 مساجد کو عارضی طور پربند کرنے کے بعد ان میں سے 430 کی مکمل سینیٹائزنگ کرکے کھولا گیا جبکہ باقی مساجد میں سینیٹائزنگ کا عمل جاری ہے۔
جن مساجد کو ہفتے کے روز عارضی طورپر بند کیاگیا ان میں پانچ مساجد قصیم ریجن میں ہیں جبکہ تین مکہ مکرمہ ، ایک ریاض، ایک مدینہ منورہ ، ایک جازان ، ایک عسیر اور ایک مسجد حدود الشمالیہ میں ہے جہاں کورونا کیسز کی تصدیق ہونے کے بعد انہیں عارضی طورپر بند کرکے وہاں سینیٹائزنگ کی مخصوص ٹیموں کو روانہ کردیا گیا تاکہ مساجد کو مکمل طورپر سینیٹائز کیا جائے۔
واضح رہے وزارت اسلامی امور کی جانب سے مساجد کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ جس مسجد میں آنے والوں میں کورونا کیس کی تصدیق ہواس کے بارے میں فوری طورپر وزارت کے مخصوص شعبے کو مطلع کیاجائے تاکہ مسجد کو پوری طرح جراثیم کش ادویات سے صاف کیاجاسکے۔
خیال رہے وزارت اسلامی امور کی جانب سے مساجد میں نماز باجماعت کےلیے آنے والوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نماز کے لیے آتے وقت اپنی جائے نماز ہمراہ لائیں اور صفوں کے درمیان فاصلہ رکھیں تاکہ کورونا وائرس سے محفوظ رہا جاسکے۔