انڈیا: بجلی کے ٹرانسفارمر پر چڑھنے والا تیندوا کرنٹ لگنے سے ہلاک
چیتا ایک فارم ہاؤس میں لگنے والی آگ سے بچنے کے لیے بجلی کے ٹرانسفارمر پر چڑھ گیا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک تیندوا بجلی کے ٹرانسفارمر سے کرنٹ لگنے سے ہلاک ہو گیا۔
انڈیا کی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے سنیچر کو ایک فارسٹ آفیسر کے حوالے سے بتایا کہ ’ایک تیندوا ضلع ریئسن کے ایک فارم ہاؤس میں لگنے والی آگ سے بچنے کے لیے بجلی کے ٹرانسفارمر پر چڑھ گیا تھا۔‘
ڈویژنل فارسٹ آفیسر اجے کمار پانڈے کے مطابق ’یہ واقعہ جمعے کے روز باوالیا پتھار گاؤں کے باہر پیش آیا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’خوراک کی تلاش میں جنگل سے آنے والا ایک تیندوا زرعی کھیت میں داخل ہوگیا تھا، تاہم وہاں خشک جھاڑیوں میں لگی آگ سے بچنے کے لیے اس نے قریبی بجلی کے ایک ٹرانسفارمر پر چھلانگ لگا دی جس سے وہ بجلی کا کرنٹ لگنے سے فوری طور پر ہلاک ہوگیا۔‘
فارسٹ آفیسر کا کہنا ہے کہ ’واقعے کی اطلاع ملتے ہی محکمہ جنگلی حیات کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور ڈاکٹروں سے چیتے کا پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد نیشنل ٹائیگر کنزرویشن اتھارٹی کی گائیڈ لائنز کے مطابق اس کی لاش کو ٹھکانے لگا دیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’چیتے کے جسم پر زخم کا کوئی نشان موجود نہیں تھا اور اس کے جسم کے تمام حصے بھی سلامت تھے۔‘
فارسٹ آفیسر نے بتایا کہ ’گاؤں کی قریبی پہاڑیوں پر تین سے چار چیتوں کی نقل و حرکت دیکھی گئی ہے۔‘