انڈیا: ریاستی وزیر کی جانب سے کورونا بھگانے کے لیے ایئرپورٹ پر پوجا پاٹ
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مدھیہ پردیش میں کورونا کے چار ہزار 882 نئے کیسز سامنے آئے۔ (فوٹو: ویڈیو گریپ)
انڈیا کی ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر ثقافت و سیاحت اوشا ٹھاکر نے کورونا سے بچاؤ کے لیے اندور ایئرپورٹ پر پوجا پاٹ کی رسم ادا کی۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق وزیر ثقافت نے اندور ایئرپورٹ پر دیوی اہلیابائی ہولکر کی مورتی کی پوجا کی۔
پوجا کی رسم کے دوران ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر اور دوسرا عملہ بھی وزیر کے ساتھ شامل ہو گیا۔
اندور کی سیٹ سے ریاستی اسمبلی کا ممبر منتخب ہونے والی اوشا ٹھاکر مورتی کے سامنے ہاتھ جوڑتی اور گاتی نظر آئی۔
پوجا کے دوران وزیر سیاحت نے ماسک بھی نہیں پہن رکھی تھی۔
اوشا ٹھاکر کے ناقدین کا کہنا ہے کہ وہ اکثر ماسک پہنے بغیر عوامی مقامات پرنظر آتی ہے۔
اسمبلی کے اجلاس کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ ماسک کیوں پہنتی ہے تو ان کا کہنا تھا کہ انہیں ماسک پہننے کی ضرورت نہیں کیونکہ وہ روزانہ ’ہوان‘ کی رسم ادا کرتی ہے اور گیتا پڑھتی ہے۔
اس سے قبل اوشا ٹھاکر نے دعویٰ کیا تھا کہ گائے کے گوبر کے کیک کے ’ہوان‘ کرنے سے گھر 12 گھنٹے کے لیے وائرس سے پاک ہو جاتا ہے۔
خیال رہے گزشتہ سال یونین منسٹر رامداس اتھاوالے کی پوچا پاٹ کی تقریب کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے دوران وہ ’گو کورونا، گو کورونا‘ کے نعرے لگاتے ہوئے دیکھائی دیتے ہیں۔
اس ویڈیو میں ممبئی میں چین کے قونصل جنرل بھی نظر آرہے تھے اور ویڈیو مبینہ طور پر 20 فروری کو ممبئی کے گیٹ وے آف انڈیا میں شوٹ کیا گیا تھا۔
خیال رہے مدھیہ پردیش ان 10 ریاستوں میں شامل ہے جہاں انڈیا کے روزانہ سامنے آنے والے کل کیسز کا 84 فیصد سے زیادہ رپورٹ ہورہا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مدھیہ پردیش میں کورونا کے چار ہزار 882 نئے کیسز سامنے آئے جس کے ساتھ ریاست میں رپورٹ ہونے والے کل کیسز تین لاکھ 27 ہزار 220 تک پہنچ گئے۔ مدھیہ پردیش میں اب تک چار ہزار افراد کورونا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران انڈیا میں کورونا کے ایک دن میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے۔ اس دوران ایک لاکھ 45 ہزار 384 افراد کورونا سے متاثر ہوئے جس کے ساتھ ملک میں کورونا سے متاثر ہونے والے کل افراد کی تعداد ایک کروڑ تیس لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔