اردن، شام اور فلسطینی خاندانوں میں رمضان فوڈ پیکٹس کی تقسیم
اردن، شام اور فلسطینی خاندانوں میں رمضان فوڈ پیکٹس کی تقسیم
جمعہ 16 اپریل 2021 22:40
پروگرام سے 13 ہزار 915 افراد مستفید ہوئے ہیں۔( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے اردن میں اردنی، شامی اور فلسطینی خاندانوں میں رمضان فوڈ باسکٹ کی تقسیم کا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے غذائی اشیا کے جو پیکٹ تقسیم کیے گئے اس سے 13 ہزار 915 افراد مستفید ہوئے ہیں۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے یمن کے عدن گورنریٹ میں کینسر کے مریضوں کے لیے 550 رمضان فوڈ پیکٹ تقسیم کیے۔
کنگ سلمان ہیومینٹری ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے باماکو،گاؤ اور مالی کے شہروں میں رمضان فوڈ پیکٹ تقسیم کرنے کا منصوبہ بھی شروع کیا ہے جس سے 16 ہزار 164 افراد مستفید ہوئے۔
یہ منصوبہ سعودی عرب کے ذریعے متعدد ممالک کو رمضان کے دوران فراہم کی جانے والی انسانی اور امدادی امداد کے فریم ورک میں آتا ہے۔
واضح رہے کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 59 ممالک میں مختلف قسم کے 1536 امدادی منصوبے مکمل کیے ہیں۔ ان منصوبوں پر تقریباً پانچ بلین ڈالر خرچ کیے گئے ہیں۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں3.47 ارب ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 363 ملین ڈالر، شام میں 305 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 202 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
علاوہ ازیں کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔
کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے انسانیت کی خدمت، امدادی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے عرب اور دیگر اسلامی ممالک میں کئی منصوبے جاری ہیں۔