Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دوران پرواز روزہ نہ رکھیں‘ پی آئی اے کی فضائی عملے کو ہدایت

عملے کے ارکان سے کہا گیا کہ اگر روزہ رکھنا ناگزیر ہے تو پھر چھٹی لے لیں (فوٹو: پی آئی اے)
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے پائلٹس اور کیبن کریو کو دوران ڈیوٹی روزہ رکھنے سے منع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر روزہ رکھنا ناگزیر ہے تو رمضان میں چھٹی لے لیں۔ ساتھ ہی آگاہ بھی کیا گیا ہے کہ دوران پرواز روزہ رکھنے والے کا لائسنس معطل یا منسوخ کیا جا سکتا ہے۔
ایئرلائن کی جانب سے 16 اپریل کو جاری کیے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ’روزے کی حالت میں صحیح طریقے سے فرائض کی انجام دہی نہیں ہو سکتی اور کوتاہی کا خدشہ رہتا ہے، لہٰذا مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے فلائٹ کیبن کریو بشمول پائلٹس روزہ رکھنے سے اجتناب کریں۔‘
جنرل مینیجر فلائٹ سروسز عامر بشیر کے دستخط سے جاری اس مراسلے میں سول ایوی ایشن رولز 1994 کی ذیلی شق کا حوالہ دیا گیا ہے، اور بتایا گیا ہے کہ ’تحقیق سے ثابت ہے کہ روزے کی حالت میں انسان کا جسم نحیف ہو جاتا ہے۔ خون میں گلوکوز کی مقدار کم ہو جاتی ہے جس سے ذہن اور جسم کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔‘ 
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ نے اردو نیوز کو اس مراسلہ کے درست ہونے کی تصدیق کی البتہ انہوں نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
مراسلہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’جہاز کے عملے پر لوگوں کی زندگیوں سمیت بھاری ذمہ داریاں ہوتی ہے۔ ایسے میں وہ کسی بھول چوک یا کوتاہی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔‘
پی آئی اے کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ’پائلٹس اور جہاز کے عملے کی جانب سے عدم  عملدرآمد کی صورت میں ان کا لائسنس معطل یا منسوخ کیا جا سکتا ہے۔‘

شیئر: