کیا ویکیسن لگانے کے بعد کورونا سے مکمل محفوظ ہو جاتے ہیں؟
مقررہ وقت پر دوسری خوراک میں تاخیر پر کوئی حرج نہیں ہوتا۔ (فوٹو: عاجل)
سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین لینے کے بعد یہ نہیں ہو سکتا کہ احتیاطی تدابیر پرعمل کرنا چھوڑ دیا جائے کیونکہ ویکسین حاصل کرنے والے کی اگرچہ قوت مدافعت مضبوط ہوتی ہے مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ کورونا کے جراثیم دوسروں کو منتقل نہیں کر سکتا۔
وزارت صحت کے ٹوئٹر پر ایک شخص کی جانب سے پوچھا گیا تھا کہ ’کیا ویکسین لگانے کے بعد کورونا سے مکمل طور پر محفوظ ہوجاتے ہیں‘؟
سبق ویب کے مطابق سوال کے جواب میں وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا کہ ’مجموعی طور پر ویکسین انسانی جسم میں قوت مدافعت میں اضافہ کرتے ہوئے کورونا وائرس کے خلاف اینٹی باڈیز پیدا کرتی ہے جو جسم کو وائرس سے محفوظ رکھتے ہوئے کورونا کے جراثیم پر قابو پاتی ہے تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ ویکسین لگوانے والے کے ذریعے کورونا وائرس ایک سے دوسرے میں منتقل بھی نہیں ہو سکتا اس لیے وائرس کو منتقل کرنے سے بچانے کےلیے لازمی ہے کہ احتیاطی ضوابط پر عمل کیا جائے۔
واضح رہے کورونا وائرس کے حوالے سے کی جانے والی تحقیق کے مطابق یہ وائرس انسان سے انسان میں بڑی تیزی سے منتقل ہوتا ہے جبکہ وائرس انسان کے نظام تنفس کے ذریعے حملہ آور ہوتا ہے اور اس کی منتقلی انسانی ہاتھوں سے بڑی تیزی سے ہوتی ہے اس لیے ماہرین مسلسل ہاتھوں کو صاف رکھنے یا سینیٹائز کرنے کی ہدایت کرتے ہیں۔
وزارت صحت کے ٹوئٹر پر کورونا ویکسین کے حوالے سے پوچھے گئے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا گیا کہ ویکسین کی ایک خوراک لینے کے بعد مقررہ وقت پر دوسری خوراک میں تاخیر سے کوئی حرج نہیں ہوتا۔
واضح رہے ایک شخص نے وزارت صحت سے دریافت کیا تھا کہ ویکسین کی پہلی خوراک لے لی ہے بعض وجوہ کی بنا پر دوسری خوراک مقررہ وقت پر حاصل نہیں کر سکتا۔ تاخیر ہونے پر پہلی خوراک کی تاثیر ختم ہو جائے گی؟
وزارت صحت کی جانب سے کہا گیا کہ تاخیر ہونے پر کوئی مضائقہ نہیں تاہم دوسری خوراک لینے کے بعد ہی ویکسینیشن کا کورس مکمل ہوتا ہے۔