Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترکمانستان میں الابائی نسل کے کتے کے نام قومی تعطیل منانے کا اعلان

ترکمانستان کے صدر نے الابائی کتا روسی صدر کو تحفئے میں دیا تھا۔ فوٹو اے ایف پی
ترکمانستان نے الابائی نسل کے کتے کے نام نئی قومی تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق 25 اپریل کا دن ترکمانستان میں قومی تعطیل کے طور پر منایا جائے گا جو الابائی نسل کے کتے سے منسوب کیا گیا ہے۔
الابائی نسل کا شمار ترکمانستان کے قومی کتے میں ہوتا ہے۔ ترکمانستان کے صدر قربان قلی بردی محمدوف نے نومبر 2020 میں اپنے اس پسندیدہ نسل کے کتے کا سونے کا مجسمہ بنوایا تھا جو دارالحکومت اشک آباد میں نصب ہے۔
ترکمانستان میں 25 اپریل کو ہی اخال تیک نسل کے گھوڑے کے نام سے ایک تہوار بھی منایا جاتا ہے۔ اس مخصوص نسل کے گھوڑے کو ترکمانستان کی ثقافت کا حصہ سمجھا جاتا ہے۔
الابائی دن پر مقابلوں کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں شیپرڈ کتوں میں سے بہترین کی تلاش کی گئی۔
الابائی کتے کا تعلق وسطی ایشیا کے شیپرڈ کتوں کے خاندان سے ہے جو عام طور پر چرواہے مویشیوں کی حفاظت کے لیے پالتے ہیں۔
صدر قربان قلی بردی محمدوف نے سرحدوں کی حفاظت کرنے پر الابائی نسل کے کتے کو ’بہادری‘ کے اعزاز سے نوازا تھا۔ صدر کے بیٹے جو نائب وزیراعظم کے عہدے پر فائز ہیں نے کتے کو میڈل دیا تھا جبکہ اس کے مالک کو تحفے میں گاڑی دی تھی۔

 الابائی کتا چرواہے اپنے مویشیوں کی حفاظت کے لیے رکھتے آئے ہیں۔ فوٹو وکیپیڈیا

قومی تعطیل کے موقع پر اخال تیک نسل کے گھوڑں کی دوڑ کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔ اس نسل کے گھوڑے خوبصورتی کے لیے جانے جاتے ہیں۔
سابق سوویت ریاست ترکمانستان میں کتے اور گھوڑے قومی فخر کا ذریعہ سمجھے جاتے ہیں۔
گزشتہ سال دارالحکومت اشک آباد میں الابائی کتے کا مجسمہ چوک میں نصب کیا گیا تھا۔ جبکہ اس سے کچھ ہی دور ایک اور چوک میں صدر قربان قلی بردی محمدوف کا گھوڑے پر بیٹھے ہوئے مجسمہ نصب ہے۔ 

شیئر: