آرمینیائی باشندوں کے قتل عام کو نسل کشی قرار دینا ‘تباہ کن‘ ہے: اردوغان
صڈر بائیڈن پہلے امریکی صدر بن گئے جنہوں نے آرمینیا کے قتل عام کے لیے نسل کشی کا لفظ استعمال کیا۔ (فوٹو: عرب نیوز)
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے سلطنت عثمانیہ کے دوران آرمینیائی باشندوں کے قتل عام کو نسل کشی قرار دینے کے فیصلے کو ’بے بنیاد‘ اور دو طرفہ تعلقات کے لیے نقصاندہ قرار دے دیا۔
عرب نیوز کے مطابق ٹیلی ویژن پر نشر کیے جانے والے کمنٹ میں کہا کہ ’امریکی صدر نے ایسا تبصرہ کیا جو کہ بے بنیاد اور غیرمناسب ہے۔‘
صدر اردوغان نے کہا کہ صدر بائیڈن کے فیصلہ کا ترکی اور امریکہ کے درمیان تعلقات پر ’تباہ کن اثرات‘ ہوں گے۔
خیال رہے گزشتہ سنیچر کو امریکی صدر جو بائیڈن نے سلطنت عثمانیہ کی جانب سے آرمینیا کے لوگوں کے قتل عام کو نسل کشی قرار دے دیا تھا۔ صدر بائیڈن نے یہ فیصلہ ترکی کی جانب سے شدید مخالفت کے باوجود کیا۔
صدر جو بائیڈن نے ایک بیان میں کہا تھا ’ہم ان لوگوں کو جو کہ سلطنت عثمانیہ کے دور میں آرمینیا کی نسل کشی کے دوران ہلاک ہوئے یاد کرتے ہیں اور عزم کرتے ہیں کہ اس طرح کے مظالم کو کبھی بھی دوبارہ نہیں ہونے دیں گے۔‘
صڈر بائیڈن پہلے امریکی صدر بن گئے جنہوں نے آرمینیا کے قتل عام کے لیے نسل کشی کا لفظ استعمال کیا۔