ریاض.... ریاض محکمہ تعلیم نے نجی ، انٹرنیشنل اور کمیونٹی اسکولوں کے مالکان اور سربراہان کو ہدایت دی ہے کہ وہ تعلیمی اوقات کے بعد تقاریب کیلئے اسکول کھولنے کے مجاز نہیں۔ شام میں خصوصی کلاسوں کی بھی اجازت نہیں۔ وزارت کی منظوری کے بغیر ثقافتی پروگرام یا کسی بھی قسم کے اسپورٹس مقابلوں و سرگرمیوں کی بھی اجازت نہیں۔ اسکے لئے اسکولوں کو وزارت تعلیم سے پیشگی منظوری لینا ہوگی۔محکمہ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عبداللہ المانع نے واضح کیا کہ کوئی اسکول تعلیمی اوقات کے بعد اسکول کی عمارتوں کو اجازت نامے میں مذکور امور کے سوا کسی اور کام کیلئے استعمال کرناچاہے تو اسے اسکی باقاعدہ اجازت لینا ہوگی۔ انگریزی زبان ، کمپیوٹر کورس اور اسپورٹس سرگرمیوں وغیر ہ کے لئے اجازت لینا پڑیگی۔ اسکول کی عمارت میٹنگوں، سیمیناروں وغیرہ کیلئے استعمال نہیں کی جاسکتی۔ شام میں سرگرمیوں یا خصوصی کلاسوں کیلئے بھی منظوری لینا ہوگی۔