ایس ٹی سی پے بھی’ مدی نیٹ ورک‘ میں شامل
ڈیجیٹل اور پلاسٹک مدی کارڈ صارفین کو جاری کرسکے گی(فوٹو الاقتصادیہ)
سعودی سینٹرل بینک نے مالیاتی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو ’مدی‘ سسٹم میں شمولیت کا موقع دیا ہے۔
ایس ٹی سی پے اور جیدیا کو جو غیر بینکاری ادارے ہیں مدی نیٹ ورک میں شامل ہونے کے لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔
الاقتصادیہ کے مطابق ایس ٹی سی پے ڈیجیٹل اور پلاسٹک مدی کارڈ صارفین کو جاری کرسکے گی۔ ان سے وہ آن لائن شاپنگ اور عام تجارتی مراکز سے سامان خرید کر رقم ادا کرسکیں گے۔ علاوہ ازیں سعودی عرب میں اے ٹی ایم سے رقم بھی نکلوا سکیں گے۔
لائسنس کے بموجب جیدیا کمپنی تاجروں کو براہ راست سودے کے سلسلے میں مشینی خدمات فراہم کرسکے گی۔ انہیں سودے کے لیے مشینی آلات بھی فراہم کرے گی۔
ساما کے تحت سعودی ادائیگی نظام نے کہا ہے کہ یہ اقدام مالیاتی اداروں کو پرائیویٹ سیکٹر کی مدد، ترقی یافتہ بنیادی مالیاتی ڈھانچے کی تشکیل کے لیے کیا جارہا ہے۔
سعودی مالیاتی نظام کا کہنا ہے کہ وہ مالیاتی تکنیکی کمپنیوں کو ادائیگی کے منفرد طریقے پیش کرنے اور ڈیجیٹل کے بنیادی ڈھانچے سے استفادے کے مواقع فراہم کرتی رہے گی۔