انٹرنیشنل کمپنیوں کو خدمات فراہم کرنے کے مواقع دیا جا رہا ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں جاپان کریڈٹ بیورو (جے سی بی) کے بینک کارڈ موثر ہوں گے۔ ’مدی‘ قومی ادائیگی نظام کے ذریعے جے سی بی کے کارڈ بحال کردیے گئے۔
اخبار 24 کے مطابق سعودی عریبین مانیٹری اتھارٹی (ساما) سعودی مارکیٹ میں ادائیگی کی صو رتحال کو بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کررہی ہے۔
ساما خرید و فروخت میں نقدی کا استعمال محدود سے محدود تر کرنے کے لیے ادائیگی کے جدید ترین طور طریقے متعارف کرانے کے لیے انٹرنیشنل کمپنیوں کو مملکت میں اپنی خدمات فراہم کرنے کے مواقع دے رہی ہے۔
ساما چاہتی ہے کہ اس شعبے میں مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے درمیان معیاری مقابلے کا ماحول بنے-
جے بی سی ریاض میں اپنا دفتر قائم کرے گی تاکہ سعودی مارکیٹ میں اپنی پوزیشن بہتر بناسکے اور مملکت میں ڈیجیٹل ادائیگی نظام کو فروغ دے سکے۔
سعودی ادائیگی نظام کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر زیاد الیوسف نے بتایا کہ جے سی بی سے شراکت کا معاہدہ ہوگیا ہے۔ اس کے بموجب سعودی بینک مملکت بھر میں اے ٹی ایم اور تجارتی مراکز میں وصولی کی مشینوں کے ذریعے جے سی بی کی شناخت آسانی سے کرسکیں گے۔ جے سی بی کارڈ ہولڈرزمسلم ملکوں کی مارکیٹ سے بھی فائدہ اٹھاسکیں گے۔
جے سی بی کمپنی کے چیئرمین یوشی کیکانیکو کا کہناہے کہ سعودی عرب خطے میں کمپنی کی سب سے بڑی مارکیٹ ہے۔ کمپنی کے کارڈہولڈرز اور سیر و سیاحت میں دلچسپی رکھنے والوں کی مملکت آمد ورفت بہت زیادہ ہے۔