ابہا ایئرپورٹ پر جمعرات سے رات کی پروازیں بحال
کورونا وبا سے قبل ہر ہفتے 222 سے زیادہ پروازیں چل رہی تھیں (فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب میں ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل احمد القحطانی نے کہا ہے کہ ’آئندہ جمعرات سے رات کے وقت پروازیں بحال ہوجائیں گی۔‘
اخبار 24 کے مطابق ابہا ایئرپورٹ سے کورونا وبا سے قبل ہر ہفتے 222 سے زیادہ پروازیں چل رہی تھیں۔ ان میں سے 188 مقامی اور 34 بین الاقوامی پروازیں تھیں۔
محکمہ شہری ہوابازی نے اگست 2020 میں بیان میں کہا تھا کہ ابہا ایئرپورٹ کو انٹرنیشنل کا لائسنس مل گیا ہے اور وہ ریجنل سے انٹرنیشنل ایئرپورٹ بن گیا ہے۔
واضح رہے کہ ابہا شہر یمن سے ملحقہ سرحد کے قریب سعودی عرب کے جنوب مغربی سمت میں واقع ہے۔ اس کے شمال مشرقی جانب خمیس مشیط جبکہ مغربی جانب عیسر ریجن ہے۔
ابہا کمشنری کا مجموعی رقبہ پانچ ہزار ہیکٹر سے زائد ہے اور یہ سطح سمندر سے دو ہزار میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ مشرقی اور شمالی سمت کے علاوہ باقی سمتوں میں بلند پہاڑی سلسلے ہیں۔
سعودی عرب کے عسیر ریجن کی سرحد مغربی سمت سے یمن کے ساتھ ملتی ہے جبکہ جنوب مغربی سمت میں جازان ریجن واقع ہے۔ ان دنوں ریجنز میں سرحدی چوکی بھی قائم ہے جہاں سے لوگوں کی آمدورفت ہوتی ہے۔
ابہا کمشنری میں غیر ملکیوں کی بھی بڑی تعداد آباد ہے جو برسوں سے یہاں مقیم ہے، جن میں پاکستانی بھی شامل ہیں۔