پہلے مرحلےمیں معمر اور بیمار افراد ویکسین لگائی گئی(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت میں اب تک 95 لاکھ سے زائد افراد کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین دی جاچکی ہے۔
ویب نیوز اخبار 24 نے وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے حوالے سے کہا ہے کہ مملکت کی تمام کمشنریوں میں قائم کورونا ویکسینیشن سینٹرز کے ذریعے اب تک 95 لاکھ 57 ہزار948 افراد کو کورونا وائرس سے بچاؤ کےلیے مقررہ ویکسین لگائی جاچکی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک روز کے اندر توکلنا اور صحتی ایپ پر مملکت کے مختلف شہروں سے ایک لاکھ 36 ہزار سے زائد افراد نے ویکسین لگوانے کےلیے خود کو رجسٹرکروایا ہے۔
واضح رہے مملکت میں گزشتہ برس مارچ 2020 سے آنے والی کورونا کی وبا کے باعث تمام سرگرمیاں معطل کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی تھیں اس حوالے سے وزارت صحت نے انتہائی جامع انداز میں کام کیا جس کی وجہ سے جلد ہی اس مہلک بیماری پر کافی حد تک قابو پایا جاسکا۔
وزارت صحت کی جانب سے گزشتہ برس 17 دسمبر سے مملکت میں ویکسینیشن کے پہلے مرحلے کا آغاز کیا گیا جس کے تحت ریاض اور جدہ میں ویکسینیشن سینٹرز قائم کیے گئے۔
پہلے مرحلے میں 60 برس سے زائد عمر اورمہلک بیماریوں میں مبتلا افراد کو ویکسین لگائی گئی تھی بعدازاں دوسرا مرحلہ 18 فروروی 2021 کو شروع کیا گیا جس کے تحت تمام افراد کے لیے ویکسینیشن کا لازمی قراردیا گیا تاکہ کورونا وائرس سے محفوظ رہا جاسکے۔
ویکسینیشن سینٹرز جانے سے قبل وزارت صحت کی توکلنا اور صحتی ایپ کے ذریعے سینٹر کا تعین اور پیشگی وقت حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے تاکہ رجسٹریشن کا مرحلہ وہاں جانے سے قبل ہی مکمل ہو جائے اور سینٹر میں بلاوجہ رش نہ ہو تاکہ سماجی فاصلے کے اصول پر عمل کیاجاسکے۔