Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عید شاپنگ کے لیے محفوظ طریقہ، 4 تجارتی سرگرمیوں پرپابندی

کورونا سے محفوظ رہنے کےلیےعید کی خریداری رش اوقات میں نہ کریں(فوٹو، ٹوئٹر)
 وزارت تجارت نے کورونا وائرس سے بچاو کے لیے عید کی خریداری کو مختلف اوقات میں کرنے کا مشورہ دیا ہے جبکہ مارکیٹوں میں ازدحام پرقابو پانے کےلیے چار امور پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
ویب نیوز اخبار 24 نے وزارت تجارت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ  ماہ رمضان المبارک اور عید الفطر کے موقع پرمارکیٹوں میں ہونے والے ازدحام پر قابو پانے کے لیے صارفین تعاون کریں۔

مصنوعات کی تشہیر کے لیے معروف شخصیات کو مدعو نہ کیاجائے (فوٹو، ٹوئٹر)

عید کی خریداری کےلیے ازدحام کے اوقات میں جانے کے بجائے خالی اوقات میں مارکیٹ جائیں تاکہ کورونا وائرس سے بچاو کے لیے مقرر کردہ سماجی فاصلے کےاصول پر درست طریقے سے عمل کیاجاسکے۔
وزارت تجارت کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ خالی اوقات میں خریداری کرنے سے جہاں سماجی فاصلے کے اصول پر درست طریقے سے عمل ممکن ہے وہاں صارفین کو ادائیگی کاونٹرز پر زیادہ دیر انتظار کرنے کی کوفت سے بھی نجات مل جاتی ہے اس لیے لوگوں کو چاہے کہ وہ ایسے اوقات میں خریداری کرنے جائیں جو عام رش کے اوقات نہ ہوں۔
دریں اثنا وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمن الحسین کا کہنا ہے کہ مارکیٹوں میں ازدحام پر قابوپانے کےلیے چار سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمن الحسین کے ٹوئٹر پرجاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کی معروف شخصیات کو کسی بھی تجارتی سرگرمی کی کوریج کےلیے مدعو نہیں کیاجائے گا۔

مارکیٹوں میں مسابقے یا تقاریب منعقد نہ کی جائیں(فوٹو، ٹوئٹر)

کسی بھی نوعیت کے تجارتی ادارے کو اپنی مصنوعات کے لیے ’سیل پوائنٹس ‘ پر مسابقہ منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
دکانوں یا کمرشل مارکیٹ کے لیے افتتاحی تقریب منعقد نہیں کی جائے۔
نئی مصنوعات یا سروسز کی لانچنگ کےلیے کسی بھی مقام پرکوئی تقریب وغیرہ کا اہتمام نہ کیاجائے۔
 

شیئر: