Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ اداکارہ پرینکا چوپڑا نے سونو سود کو ویژنری کیوں کہا؟

پرینکا چوپڑا نے مزید لکھا کہ ’جو لوگ حکومت سے باہر ہیں وہ سخاوت کا مظاہرہ کریں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین اداکارہ پرینکا چوپڑا نے اداکار سونو سود کی طرف سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ حکومت سے اپیل کر رہے ہیں کہ ان بچوں کی تعلیم مفت کی جائے جن کے والدین کورونا سے ہلاک ہوگئے ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق پرینکا چوپڑا نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ نے کسی ویژنری اور عوام دوست کے بارے میں سنا ہے؟ میرا ساتھی سونوسود انہی میں سے ایک ہے۔ وہ سوچتا اور آگے کی پلاننگ کرتا ہے۔ اس بارے میں سوچیں کیونکہ یہ بچوں کا معاملہ ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’یہ ان بچوں کے بارے میں ہے جنہوں نے کورونا کی وجہ سے اپنے والدین کھو دیے۔ اس وجہ سے ان کی تعلیم متاثر ہو سکتی ہے۔‘

 

پرینکا چوپڑا نے لکھا کہ ’سب سے پہلے میں اس بات سے متاثر ہوئی ہوں کہ سونو نے اس بارے میں بات کی۔ دوسری بات یہ کہ انہوں نے اس کے حل کے لیے کچھ تجاویز بھی دیں۔ ان کی یہ تجاویز ریاست اور حکومت کے لیے ہے کہ کورونا سے متاثر ہونے بچوں کو مفت تعلیم دی جائے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اس کا مقصد یہ ہے کہ پیسوں کی وجہ سے ان کی تعلیم نہ رکے۔ اگر نظر انداز کیا گیا تو بہت سے بچے اس سے محروم ہو جائیں گے۔‘
پرینکا چوپڑا نے مزید لکھا کہ ’جو لوگ حکومت سے باہر ہیں۔ میری ان سے اپیل ہے کہ سخاوت کا مظاہرہ کریں۔ اگر ہو سکے تو کسی بچے کی تعلیم فنڈ کریں۔ مجھے سونو کی تجویز سے اتفاق ہے۔‘
یونین منسٹر سمرتی ایرانی نے بھی پرینکا چوپڑا کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے چائلڈ ہیلپ لائن نمبر شیئر کیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ’1098 پر کال کریں۔ ہر ریاستی حکومت اور ضلعی انتظامیہ ضرورت مند بچوں کی مدد کے لیے الرٹ ہے۔‘
پرینکا کے مداحوں نے سونو سود کی تعریف کرتے ہوئے انہیں انڈیا کا وزیراعظم بننے کا کہا ہے۔ ’ہمیں سونو سود جیسا وزیراعظم چاہیے۔‘
پرینکا چوپڑا نے کورونا سے متاثر ہونے والوں کے لیے فنڈ ریزنگ شروع کی ہے۔ ان کا 10 لاکھ ڈالرز اکٹھے کرنے کا ارادہ ہے اور اس رقم سے کورونا متاثرین کے لیے ادویات خریدی جائیں گی۔ ابھی تک ساڑھے پانچ کروڑ انڈین روپے اکٹھے ہو چکے ہیں۔

شیئر: