آئی پی ایل بھی کورونا سے متاثر، دو کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر میچ ملتوی
ٹورنامنٹ کے آغاز سے پہلے آٹھ ٹیموں کے لیے بائیو سکیور ببل قائم کیا گیا تھا (فوٹو: بی سی سی آئی)
انڈیا میں بائیو سکیور ببل کے باجود دو کھلاڑیوں میں کورونا مثبت پایا گیا جس کے بعد انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا میچ ملتوی کر دیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ورون چکرورتی اور سندیپ واریئر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد پیر کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور وراٹ کوہلی کی رائل چیلنجرز کے درمیان احمد آباد میں ہونے والا میچ آغاز سے چند گھنٹے پہلے ملتوی کر دیا گیا۔
انڈیا میں کورونا وائرس کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اور ایسے میں آئی پی ایل اور اکتوبر، نومبر میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
آئی پی ایل کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’کورونا وائرس مثبت آنے کے بعد وارون چکراورتھی اور سندیپ واریئر نے باقی سکواڈ سے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے، اور باقی تمام ٹیم ممبرز کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔‘
ٹورنامنٹ کے آغاز سے پہلے آٹھ ٹیموں کے لیے بائیو سکیور ببل قائم کیا گیا تھا۔
انڈیا میں روزانہ ساڑھے تین لاکھ کے قریب کورونا کیسز اور 35 سو ہلاکتیں رپورٹ ہو رہی ہیں جبکہ آکسیجن کی شدید کمی ہے۔
آئی پی ایل کا کہنا ہے کہ اس کے ڈاکٹرز، ورون چکرورتی اور سندیپ واریئر کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور ان کی صحت کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔‘
انڈیا میں کورونا کی روز بروز بگڑتی صورت حال نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شریک غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھی سخت تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر اینڈریو ٹائی انڈیا میں کورونا کیسز میں اضافے کے بعد پہلے لیگ چھوڑ کر واپس آسٹریلیا روانہ ہوگئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’انہیں امید ہے کہ مزید آسٹریلوی کرکٹرز بھی ان کی پیروی کرتے ہوئے آئی پی ایل چھوڑ کر وطن واپس آجائیں گے۔‘
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اینڈریو ٹائی کے بعد مزید دو آسٹریلوی کرکٹرز بھی انڈیا میں کورونا کی ابتر صورت حال کے باعث آئی پی ایل چھوڑ گئے ہیں۔ اس کے بعد منتظمین پر ایونٹ ملتوی کرنے کے لیے دباؤ بڑھ گیا ہے۔