Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کورونا کے خلاف موثر‘مشروب کا جھوٹا دعویٰ، ڈیری کمپنی کے چیئرمین مستعفی

سیئول پولیس نے گذشتہ ہفتے کمپنی کے ہیڈکوارٹر پر ریڈ بھی کی تھی۔ (فوٹو: یونہپ)
جنوبی کوریا کی ایک بڑی ڈیری کمپنی کے چیئرمین نے منگل کو اس وقت اپنا عہدہ چھوڑ دیا جب پولیس نے کمپنی کے اس دعوے کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا کہ ان کا دہی والا مشروب ’کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں موثر‘ ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق نمینگ ڈیری پروڈکٹ کارپوریشن لمیٹڈ کے چیئرمین ہانگ وان سک کا استعفیٰ اس ابتدائی دعوے اور اسے واپس لینے کے بعد آیا ہے۔
تاہم چیف ایگزیگٹو کی برطرفی صارفین کا غصہ زیادہ کم نہیں کر سکی۔
ہانگ وان سک کا ٹیلی ویژن پر معافی مانگتے ہوئے کہنا تھا کہ ’میں اس تمام واقعے کی ذمہ داری قبول کرنے کے لیے نمینگ ڈیری کے چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دوں گا اور میں مینجمنٹ اپنے بچوں کے حوالے نہیں کروں گا۔‘
نمینگ کی ریگولیٹری فائلنگز کے مطابق ہانگ وان سک اور ان کے خاندان کے ریونیو کے حساب سے جنوبی کوریا کی تیسری بڑی ڈیری فرم میں مشترکہ طور پر 53 اعشاریہ ایک فیصد شیئرز ہیں۔
استعفیٰ کے حوالے سے نمینگ ڈیری کے عہدیدار فوری طور پر تبصرے کے لیے دستیاب نہیں ہو سکے۔
خیال رہے کہ سیئول پولیس نے گذشتہ ہفتے کمپنی کے ہیڈکوارٹر پر ریڈ بھی کی تھی۔
کمپنی نے گذشتہ ماہ ایک فورم میں جہاں رپورٹرز بھی موجود تھے، یہ دعویٰ کیا تھا کہ اس کا بلغاریہ کا دہی والا مشروب کورونا وائرس سے بچاؤ میں کارآمد ہے۔ اس دعوے کے بعد اس کے شیئرز کی قیمت میں 30 فیصد اضافہ ہو گیا تھا۔
اس کے بعد جنوبی کوریا کی منسٹری برائے فوڈ اینڈ ڈرگ سیفٹی نے بیان جاری کیا جس میں کہا گیا تھا کہ نمینگ کے پاس اپنے دعوے کی حمایت میں کوئی ثبوت نہیں ہے اور انہوں نے کمپنی پر غیرقانونی طور پر گمراہ کن معلومات پھیلانے کا الزام عائد کیا تھا۔

شیئر: