Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انڈیا انتہائی خطرناک پوزیشن پر‘، ایک دن میں چار ہزار سے زیادہ اموات

راہل گاندھی نے وزیراعظم کو خط لکھا ہے کہ وائرس کا پھیلاؤ پوری دنیا کے لیے تباہ کن ہوگا(فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد پہلی بار سنیچر کو چار ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں چار لاکھ سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جب بہت سے مغربی ممالک نے تیزی سے ویکسینیشن کے عمل کی وجہ سے پابندیوں میں نرمی شروع کر دی ہے، ڈبلیو ایچ او نے تنبیہہ کی ہے کہ بہت سے ممالک بھی اسی بد ترین بحرانی کیفیت سے دوچار ہو سکتے ہیں جس کا سامنا انڈیا، برازیل اور نیپال کو ہے۔
انڈیا میں ایک دن میں چار ہزار 187 افراد کورونا وائرس سے ہلاک ہوئے ہیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے، اس وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 238،270 ہو گئی ہے۔
انڈین حکومت وبا پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے جس نے اس کے صحت کے نظام پر حد سے زیادہ دباؤ ڈال دیا ہے اور اس کے عوام میں غصے اور تشویش کو بڑھاوا دیا ہے۔  

انڈیا میں کورونا وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 238،270 ہو گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

برجیش پانڈے جو اپنی اہلیہ کے بھائی کے لیے آکسیجن جمع کرنے کی کوشش میں لگے ہیں، کہتے ہیں کہ ’حکومت کا کہنا ہے کہ ادویات اور آکسیجن کافی مقدار میں فراہم کی جا رہی ہے لیکن دیکھیں سینکڑوں افراد یہاں اپنے بھائیوں، بہنوں اور والدین کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
کانگریس کے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کو اپنے خط میں لکھا ہے کہ ’آپ کی حکومت کی کورونا وائرس اور ویکسینیشن کے حوالے سے حکمت عملی غیرواضح ہے جس نے انڈیا کو انتہائی خطرناک پوزیشن پر لاکھڑا کیا ہے۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’ہمارے ملک میں وائرس کے بے قابو ہوتے پھیلاؤ کی اجازت نہ صرف ہمارے عوام بلکہ پوری دنیا کے لیے بھی تباہ کن ہوگا۔‘ حکومت نے فوری طور پر اس خط کا جواب نہیں دیا ہے۔

انڈین حکومت وبا پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے جس نے اس کے صحت کے نظام پر حد سے زیادہ دباؤ ڈال دیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

راہل گاندھی اس سے قبل بھی حکومت سے ملک گیر لاک ڈاؤن کا مطالبہ کر چکے ہیں، انہوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں خبردار کیا تھا کہ کورونا کا پھیلاؤ انڈیا اور دیگر ممالک کے لیے ’تباہ کم‘ ثابت ہو سکتا ہے۔
نئی دہلی اور ممبئی کو بیرون ملک سے اضافی آکسیجن اور ہسپتال کے لیے نئے بستر فراہم کیے گئے ہیں جبکہ جنوبی ریاستیں تامل ناڈو، کرناٹک اور کیرالہ نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے۔

شیئر: