Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں 24 گھنٹوں کے دوران 4000 کے قریب ہلاکتیں، کورونا کے ریکارڈ نئے کیسز

انڈیا میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں چار لاکھ 12 ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے تقریباً چار ہزار ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ چار لاکھ 12 ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ ایک نیا ریکارڈ ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق انڈیا کی وزارت صحت کے اعداد و شمار میں دیکھا گیا ہے کہ تین ہزار 980 ہلاکتوں کے بعد انڈیا میں اس وبا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 230،168 ہو گئی ہے جبکہ نئے کیسز کی تعداد چار لاکھ 12 ہزار 262 ہے۔
منگل کو انڈیا میں کورونا متاثرین کی تعداد دو کروڑ سے تجاوز کر گئی تھی جس کے بعد یہ دنیا میں امریکہ کے بعد سب سے زیادہ متاثرہ ملک بن گیا ہے۔
اپوزیشن کی جماعتوں نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا ہے لیکن حکومت معیشت کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کی وجہ سے ایسا کرنے سے ہچکچا رہی ہے۔
کانگریس کے رہنما اور پارلیمنٹ کے رکن راہل گاندھی نے منگل کو اپنی ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ’کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کا واحد رستہ اب مکمل لاک ڈاؤن ہے۔ گورنمنٹ آف انڈیا کا غیر عملی رویہ معصوم لوگوں کی جانیں لے رہا ہے۔‘
انڈیا میں کورونا وائرس سے صورتحال اس قدر خراب ہے کہ ہسپتالوں میں بیڈز اور آکسیجن ختم ہو گئی اور شمشان گھاٹوں میں بھی جگہ کم پڑ گئی۔ بہت سارے لوگ بیڈز یا آکسیجن نہ ملنے کی وجہ سے ایمبولینس اور کار پارکنگ میں ہلاک ہو گئے۔
دوسری لہر پر بروقت قابو نہ پانے پر نریندر مودی کی حکومت پر بھی تنقید کی جا رہی ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق انڈیا میں کورونا وائرس میں اضافے کے ساتھ سپلائی کے مسائل کی وجہ سے ویکسینیشن میں بھی کمی ہوئی ہے۔
انڈین حکومت نے کہا ہے کہ ملک میں آکسیجن کی کمی نہیں ہے لیکن ٹرانسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے اسے پہنچانے میں مشکل پیش آ رہی ہے۔
مہاراشٹرا سمیت تین ریاستوں نے ویکسین کی کمی رپورٹ کی ہے اور کچھ ویکسینیشن سینٹرز کو بند کر دیا ہے۔

شیئر: