کورونا بحران: آسٹریلیا کا انڈیا میں پھنسے شہریوں کو واپس بلانے کا فیصلہ
آسٹریلیا نے 15 سے 31 مئی تک انڈیا سے تین پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
آسٹریلیا کے وزیراعظم سکاٹ موریسن کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا آئندہ ہفتے کورونا وائرس کے تباہ کن بحران سے دوچار انڈیا سے واپس آنے والے اپنے شہریوں پر عائد پابندی اٹھا لے گا۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق آسٹریلیا کی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ کورونا کے پھیلاؤ سے بری طرح متاثرہ انڈیا سے آنے والے افراد کو ملک میں داخلے پر پانچ برس قید اور جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔
موریسن نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ہم نے جو قواعد لاگو کیے تھے وہ انتہائی موثر ثابت ہوئے ہیں، ہمیں ایسا کرنے کی ضرورت تھی اور یہ اقدام اس لیے اٹھایا گیا تھا تاکہ یہاں آسٹریلیا میں کووڈ 19 کی تیسری لہر سے بچا جا سکے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آسٹریلیا 15 سے 31 مئی تک ملک میں واپسی کے لیے تین پروازیں چلائے گا۔‘ حکام کے مطابق انڈیا میں نو ہزار کے قریب آسٹریلوی شہری اور مستقل رہائشی ہیں۔
مسافروں کے لیے اپنا کورونا وائرس کا منفی ٹیسٹ دکھانا ضروری ہوگا جبکہ 14 دن تک خود کو ہوٹل میں قرنطینہ کرنے کے اصول کی پابندی کرنا ہوگی۔
موریسن کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت انڈیا سے براہ راست آنے والی پروازوں کی بحالی کا مستقبل قریب میں کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔
آسٹریلیا کے سربراہ جنہوں نے یہ خیال مسترد کر دیا تھا کہ سخت گیر موقف رکھنے سے انڈیا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو نقصان پہنچے گا، کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ہم منصب نریندر مودی سے جمعے کو بات کریں گے۔
دوسری جانب انڈین اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق کے مطابق انڈیا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ چار لاکھ 14 ہزار188 نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ تین ہزار 927 افراد اس وبا سے ہلاک ہو گئے ہیں۔