مسلم اور عرب دنیا اسرائیلی جارحیت کے خلاف مشترکہ موقف اپنائے: چیئرمین شوریٰ کونسل
فلسطین کے حوالے سے سعودی عرب کا موقف واضح ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی شوری کونسل کے چیئرمین عبداللہ آل الشیخ نے کہا ہے کہ فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے اسرائیلی مظالم پر عرب اور اسلامی دنیا کو مشترکہ موقف اپنانا ہوگا۔
ویب نیوز اخبار 24 کے مطابق فلسطین کی صورتحال پر عرب مشترکہ پارلیمنٹ کی جانب سے ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا۔
اجلاس سے سعودی شوری کونسل کے چیئرمین عبداللہ آل الشیخ نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی قابض فوج کے مظالم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’بیت المقدس جن حالات سے گزررہا ہے اور اہل فلسطین کو جن مصائب کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ایسے میں ہمیں مل کرحالات کا جائزہ لیتے ہوئے ان کا حل تلاش کرنا ہوگا۔
شوریٰ کونسل کے چیئرمین آل الشیخ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عرب پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ مسجد الاقصیٰ اور نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کا تدارک کرنے کےلیے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا قضیہ فلسطین کے حوالے سے سعودی عرب کی پالیسی واضح ہے مملکت فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے نکالنے اور ان کی سرزمین پر اسرائیلی اختیار کو مکمل طورپر مسترد کرتی ہے۔
’سعودی عرب ہمیشہ اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہے اور انکی جانب سے تمام کوششوں کی بھرپور حمایت کرتی ہے جو مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے کی جائیں۔‘