ریاض میں مسروقہ گاڑیاں فروخت کرنے والا گروہ گرفتار
ریاض میں مسروقہ گاڑیاں فروخت کرنے والا گروہ گرفتار
جمعرات 13 مئی 2021 8:37
گروہ میں ایک سعودی اور9 غیر ملکی شامل ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
ریاض میں مسروقہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹ و دستاویزات میں تبدیلی کر کے فروخت کرنے والے 10 رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے ریاض ریجن کے پولیس ترجمان میجرخالد الکریدیس کے حوالے سے کہا ہے کہ ریاض پولیس نے گاڑیاں چرائے جانے کی متعدد وارداتوں کی اطلاعات موصول ہونے پر وسیع پیمانے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
اس ضمن میں خصوصی اہلکاروں کی مدد بھی حاصل کی گئی۔
میجرخالد نے مزید بتایا کہ پولیس ٹیم ملزمان کا سراغ لگانے میں کامیاب ہو گئی۔ گرفتار ملزمان میں ایک سعودی ، 8 شامی اور ایک اردنی شامل تھا۔
ملزمان نے ریاض کے صنعتی علاقے میں ایک ورکشاپ بھی قائم کیا ہوا تھا جہاں وہ چرائی گئی گاڑیاں لاتے اور ان کے چیسز کے نمبر تبدیل کرنے کے علاوہ گاڑی میں بھی معمولی تبدیلی کر کے انہیں مارکیٹ میں فروخت کر دیتے تھے۔
گرفتار گروہ سے ابتدائی معلومات میں معلوم ہوا کہ انہوں نے اب تک 80 لاکھ ریال مالیت کی گاڑیاں چرا کرا نہیں فروخت کیا ہے۔
ملزمان سے کچھ رقم بھی برآمد ہوئی۔ گروہ میں شامل غیر ملکی مملکت میں غیرقانونی طورپر مقیم تھے۔
تمام ملزمان کے خلاف چوری اوردھوکہ دیہی کا مقدمہ درج کر کے انہیں پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے جہاں ان سے مزید تحقیقات کے بعد کیس کرمنل کورٹ میں فائل کیا جائے گا۔