سعودی اور پاکستانی وزرائے خارجہ کا رابطہ، فلسطین سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
علاقائی اور بین الاقوامی حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے جمعے کو پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے برادر ملکوں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کے مواقع کا جائزہ لیا ہے۔
علاوہ ازیں خطے کے متعدد مسائل فلسطین کی حالیہ صورتحال، علاقائی اور بین الاقوامی حالات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب کے ساتھ فلسطین کی سنگین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ مسجد اقصی پر جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار ا ور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کے حملوں کی مذمت کی۔
شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے بعد جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے کا تذکرہ کیا جس میں مسئلہ فلسطین پر دونوں ملکوں نے مشترکہ موقف اختیار کیا ہے۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین پر سعودی عرب کی طرف سے او آئی سی کا اجلاس بلانے کے فیصلے کا بھی خیر مقدم کیا۔
وزیر خارجہ نے پاکستان کی طرف سے فلسطینوں کے جائز حقوق بالخصوص حق خودارادیت اور آزاد ریاست کا قیام جو 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مشتمل اور جس کا دارلحکومت مشرقی القدس ہو کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔