سیلفی کا جنون: انڈونیشا میں کشتی پر سیلفی لیتے ہوئے سات افراد ڈوب کر ہلاک
پولیس چیف کے مطابق 20 افراد نے ایک طرف ہو کر سیلفی لینے کی کوشش کی جس کی وجہ سے کشتی کا توازن بگڑ گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈو نیشیا میں ایک کشتی پر سیلفی لینے کی کوشش میں سات افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ جاوا جزیرے میں ایک کشتی پر سوار سیاح سیلفی لینے کی کوشش میں ڈوب گئے جن میں سے سات افراد ہلاک ہوگئے۔
سینٹرل جاوا کے پولیس چیف احمد لطفی کا کہنا ہے کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کشتی میں سوار سارے 20 افراد گروپ سیلفی کے لیے کشتی کے ایک سائیڈ پر ہوگئے۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ کشتی کے ڈوبنے کی وجہ گنجائش سے زیادہ افراد کا سوار ہونا تھا۔
انہوں نے کہا کہ 20 افراد نے ایک طرف ہو کر سیلفی لینے کی کوشش کی جس کی وجہ سے کشتی کا توازن بگڑ گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈوبنے والے 11 افراد کو بچالیا گیا تاہم سات افراد ہلاک ہوگئے۔ ڈوبنے والے دو افراد کی تلاش ابھی تک جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ کیا کشتیوں کو چلانے والے عفلت کے مرتکب تو نہیں ہوئے۔
لطفی کے مطابق کشتی کو ایک 13 سالہ لڑکا چلا رہا تھا۔
انڈونیشیا میں کشتی کے حادثات عام ہے جہاں 17 ہزار سے زائد جزیرے ہیں اور حفاظتی انتظامات بہت ہی کمزور ہے۔
اپریل میں جاوا میں ماہی گیروں کی کشتی ٹکرانے کے بعد 30 ماہی گیر ڈوب گئے تھے۔ ریسکیو اہلکاروں نے 17 ماہی گیروں کی لاشیں نکال لی تھی لیکن 13 افراد کا ابھی تک کوئی پتہ نہیں چل سکا ہے۔