انڈیا میں ’آسمانی بجلی‘ گرنے سے 18 جنگلی ہاتھی ہلاک
انڈیا کی ریاست آسام میں حکام کے مطابق ممکنہ طور پر آسمانی بجلی گرنے سے 18 جنگلی ہاتھی ہلاک ہو گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق محمکہ جنگلات کے افسر ایم کے یادو نے بتایا کہ جمعرات کو گاؤں کے افراد نے ایک جگہ پر 14 ہاتھیوں کو مردہ پایا اور دیگر چار ایک پہاڑی کے دامن میں مردہ پائے گئے۔
آسام کے وزیر جنگلات پاریمل سکلابیدیا نے جمعے کو کہا کہ صوبائی حکومت نے واقعے کی تحقیقات کروانے کا حکم دیا ہے۔
وزیر نے کہا کہ ’ابتدائی رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہاتھیوں کی ہلاکتیں آسمانی بجلی گرنے سے ہوئیں، لیکن ہمیں فورینزک ٹیسٹ کی مدد سے یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ ان کی موت زہر کھانے یا کسی بیماری سے نہ ہوئی ہو۔‘
مقامی فاریسٹ رینجر کا کہنا ہے کہ اس نے جلے ہوئے درخت دیکھے اور گاؤں کے افراد کا بھی کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ ہاتھیوں کی ہلاکت بدھ کو آسمانی بجلی گرنے سے ہوئی ہو۔
رینجر کے اہلکار نے کہا کہ انہیں میڈیا کے ساتھ بات کرنے کی اجازت نہیں ہے لہذا ان کا نام ظاہر نہ کیا جائے۔