الدایر کے خولانی قہوے کی طلب بڑھنے لگی
پہاڑوں کی چوٹیوں پر قہوے کے درخت پھل دینے لگے ہیں۔(فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں جازان ریجن کی مشرقی کمشنری الدایرکے پہاڑوں کی چوٹیوں پر قہوے کے درخت پھل دینے لگے ہیں۔
ہر برس کی طرح اس سال بھی قہوے کے درختوں پر انہی دنوں میں پھل آتے ہیں۔ کاشتکار خولانی قہوے کی بڑھتی ہوئی مقامی طلب پوری کرنے کے لیے قہوے کی پیداوار مسلسل بڑھا رہے ہیں۔
اخبار 24 سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی کاشتکار حسن السلمی نے کہا کہ فارم میں قہوے کے درختوں پر پھل آنے لگا ہے۔ توقع یہ ہے کہ اس سال پیداوار زیادہ ہوگی۔
سعودی کاشتکار نے کہا کہ قہوے کا درخت 3 برس کا ہونے پر ہی پھل دینا شروع کرتا ہے۔ چھ ماہ بعد سفید پھول قہوے کے دانے میں تبدیل ہوتے ہیں پھر سرخ سرمئی رنگ کی شکل اختیار کرلیتے ہیں آخر میں دانے مکمل سرخ ہوجاتے ہیں۔ اس کے بعد ہی انہیں توڑا جاتا ہے۔
حسن السلمی کا کہنا ہے کہ قہوے کے پھل توڑنے کے بعد انہیں دو ہفتے سے ایک ماہ تک خشک کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد ان کا چھلکا اتارا جاتا ہے اور آخر میں انہیں پیسا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خولانی قہوے کی طلب گزشتہ برسوں کے دوران اندرون ملک مسلسل بڑھتی رہی ہے۔
یاد رہے کہ الدایر بنی مالک کمشنری میں قہوے کے کاشتکاروں کی تعداد 919 ہوچکی ہے۔ یہ ایک لاکھ 72 ہزار درختوں کے مالک ہیں۔ ان میں ایک لاکھ 22 ہزار درخت پھلدار ہیں۔