سعودی عرب آنے پر قرنطینہ، ہوٹل پیکیج کیا ہیں؟
مسافروں کو پیکیجز میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔ ( فوٹو الاقتصادیہ)
سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے مملکت آنے والے مسافروں کے لیے قرنطینہ کے حوالے سے وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق السعودیہ کا کہنا ہے کہ جن مسافروں کو مقررہ نظام کے مطابق سعودی عرب آنے پر قرنطینہ کیا جائے گا انہیں ہوٹلوں کے پیکیجز میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔
تھری سٹار ہوٹل کے پیکیج کے تحت انہیں ہوٹل میں چھ راتیں بسر کرنے کی سہولت ہوگی۔ ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا کمروں میں مہیا ہوگا۔ ایئرپورٹ سے ہوٹل ٹرانسپورٹ اور کورونا ٹیسٹ کی فیس بھی اس پیکج میں شامل ہوگی۔ فی کس پیکیج تین ہزار ریال کا ہوگا۔
دوسرا پیکیج فور سٹار ہوٹل کا ہے۔ اس کے تحت تمام سہولتیں مہیا ہوں گی۔ فی کس پیکیج پانچ ہزار ریال کا ہوگا۔
فائیو سٹار ہوٹل کے تیسرے پیکیج میں فی کس سات ہزار ریال وصول کیے جائیں گے۔
سعودی عرب آنے والے ان مسافروں کو جن پر قرنطینہ کی شرط لاگو ہوگی۔ قرنطینہ پیکیج کی قیمت فضائی کمپنی کو ادا کرنا ہوگی۔
یاد رہے کہ قرنطینہ پیکیج ریزرویشن آٹھ مئی سے 30 جون 2021 تک موثر ہوں گے۔ بکنگ آن لائن ایجنسیوں یا رابطہ ایجنسیوں یا ٹریولنگ ایجنسیوں کے ذریعے ہوگی۔ بکنگ فیس واپس نہیں ہوگی البتہ پیکیجز میں پیشگی اطلاع کے بغیر تبدیلی ہوسکتی ہے۔