Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹِک ٹاک کا جُنون، سوات میں ویڈیو بنانے کے دوران گولی چلنے سے نوجوان ہلاک

رواں سال جنوری میں ایک نوجوان ٹک ٹاک بناتے ہوئے ٹرین کی ٹکر لگنے سے ہلاک ہو گیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں ایک نوجوان ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے دوران اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
مقامی پولیس کے مطابق ’سوات کی تحصیل کبل میں 19 سالہ نوجوان سر پر پستول رکھ کر ویڈیو بنا رہا تھا کہ اس دوران گولی چل گئی اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔‘

 

پولیس کے مطابق ’لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات بھی کی جارہی ہیں۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ ’ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ 19 سالہ نوجوان اس سے پہلے بھی اس قسم کی ویڈیوز بنا کر ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کرتا رہا ہے۔‘
پاکستان میں ٹک ٹاک ویڈیو ایپ نوجوانوں میں بہت مقبول ہے۔ ویڈیوز بناتے ہوئے پہلے بھی کئی حادثے رونما ہوئے جن میں نوجوانوں کی جان چلی گئی۔
رواں برس 24 جنوری کو راولپنڈی میں ایک نوجوان ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے ٹرین کی ٹکر لگنے سے ہلاک ہو گیا تھا۔
گذشتہ برس کراچی کے تھانے سچل کی حدود میں اسی طرح کے ایک واقعے میں نوجوان ٹک ٹاک بناتے ہوئے اتفاقی گولی چل جانے سے ہلاک ہو گیا تھا جبکہ نومبر 2020 میں لاہور کے تھانہ سندر کے علاقے میں ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے گولیاں چلنے سے ایک نوجوان ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا تھا۔

شیئر: